وزیر اعظم نواز شریف نےکشمیریوں کی بھرپور ترجمانی اور بھارتی مظالم کا پردہ چاک کیا ، صدر آزاد کشمیر

149

نیو یارک ۔ 22 ستمبر (اے پی پی) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد مسعود خان نے کہا ہے کہ پوری کشمیری قوم خصوصاً مقبوضہ کشمیر ، آزاد کشمیر اور دنیا بھر میں مقیم تارکین وطن کشمیری ، وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان میاںمحمد نواز شریف اور حکومت پاکستان کی شکر گزار ہیں کہ انہوں نے دنیا کے سب سے بڑے ایوان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کشمیریوں کی بھرپور ترجمانی کی اور بھارتی ظلم و بربریت کا پردہ چاک کرتے ہوئے کشمیریوں کے حقوق کا دفاع کیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹر کے جنرل اسمبلی سے وزیراعظم پاکستان کا خطاب سننے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے مسئلہ کشمیر کو کتنی اہمیت دی ہے اس کا اندازہ اس امر سے لگایا جا سکتا ہے کہ اپنے 20 منٹ کے دورانیہ کے خطاب میں انہوں نے 12 منٹ تک صرف مسئلہ کشمیر پر بات کی ۔ اور عالمی ضمیر کو جھنجھوڑا ہے ۔ اپنے خطاب میں وزیراعظم پاکستان نے سب سے پہلے تو مقبوضہ کشمیر کے عوام کو پیغام دیا ہے کہ پاکستان سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی محاز پر ان کے ساتھ کھڑا ہے ۔ دوسرا پیغام انہوں نے ہندوستان کو دیا کہ وہ کشمیریوں کے خلاف دہشتگرد انہ اور مجرمانہ کارروائیاں فوری طور پر بند کر دے ۔ اور تیسر ا پیغام انہوں نے بین الاقوامی برادری کو دیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کے سلسلے میں بے حسی کو ترک کر کے اپنی ذمہ داریاں نبھائے ۔