وزیر اعظم نوجوانوں کے مستقبل پر بہت توجہ دے رہے ہیں،ای کامرس کے ذ ریعے نوجوان لڑکیوں اور لڑکوں کو روز گار فراہم کیا جا رہا ہے جس کیلئے حکومت نے انقلابی کامیاب جوان پروگرام شروع کیا ہے،وزیر مملکت علی محمد خان

100
وزیر اعظم نوجوانوں کے مستقبل پر بہت توجہ دے رہے ہیں،ای کامرس کے ذ ریعے نوجوان لڑکیوں اور لڑکوں کو روز گار فراہم کیا جا رہا ہے جس کیلئے حکومت نے انقلابی کامیاب جوان پروگرام شروع کیا ہے،وزیر مملکت علی محمد خان

فیصل آباد۔23فروری (اے پی پی):وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کی پوری توجہ ملک کی 60فیصد آبادی پر مشتمل یوتھ پر مرکوز ہے اور یہی وہ نوجوان طبقہ ہے جو ملک میں معاشی انقلاب لا کر نہ صرف ملک کو ترقی یافتہ دنیا کی صف میں لا سکتا ہے بلکہ ملک کی خوشحالی،

کاروباری و تجارتی ترقی اور عوامی فلاح کا پیش خیمہ بھی ثابت ہو سکتا ہے کیونکہ ہمارا نوجوان ٹیلنٹ میں دنیا کے کسی بھی خطہ کے نوجوان سے کم نہیں لیکن گزشتہ ادوار حکومت میں انہیں مناسب سہولیات،مراعات و معاشی تعاون فراہم نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے ہمارا نوجوان عملی طور پر اس ٹیلنٹ اور پوشیدہ ذہنی صلاحیت کا اظہار نہیں کر سکا جس سے قدرت نے انہیں مالا مال کیا ہے تاہم اب حکومت کامیاب جوان اور کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت انہیں بھر پور سہولیات فراہم کر رہی ہے

تاکہ ایسے نوجوان لڑکے اور لڑکیاں جن کے پاس اچھوتے آئیڈیاز اور کچھ کرنے کی لگن موجود ہے مگر وہ مالی وسائل نہ ہونے کی بنا ء پر اپنی تخلیقی صلاحیتوں سے استفادہ نہ کر پا رہے تھے لہٰذا اب ایسے نوجوان حکومت کے مختلف پروگرامز کے تحت آسان شرائط پر قرضے حاصل کر کے نہ صرف ملازمت تلاش کرنے کی بجائے اپنے کاروبار شروع بلکہ دیگر لڑکوں اور لڑکیوں کو بھی ملازمتیں فراہم کر سکیں گے۔

وہ بدھ کی سہ پہر فیوچر یوتھ لیڈرز اور برین سٹارمنگ سیشن سے خطاب کے بعددی پلیٹ فارم کو اینو ویشن سپیس کے زیر اہتمام کو ہ نور پلازہ فیصل آباد میں میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔اس موقع پر سیما بیہ اور فرخ ڈال سمیت آرگنائزیشن کے دیگر حکام بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان اور ان کی ٹیم کا سیاست میں آکر ذاتی مفادات اٹھانے کا مقصد نہیں بلکہ ان کیلئے ملک کی نصف سے زائد آبادی کے فیوچر لیڈرز نوجوانوں کا روشن مستقبل اہم ہے جس کے لئے تمام وسائل اور ذرائع بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور یہ امر انتہائی خوش آئند ہے کہ حکومت کو اس مقصد میں بڑی حد تک کامیابی بھی حاصل ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان کی خصوصی توجہ نوجوانوں پر مرکوز ہے کیونکہ انہی نوجوانوں نے ملک کی باگ ڈور سنبھالتے ہوئے ملک کے معاشی استحکام کی ضمانت فراہم کرنا ہے۔انہوں نے کہاکہ ای کامرس کے ذ ریعے نوجوان لڑکیو ں اور لڑکوں کو روز گار فراہم کیا جا رہا ہے جس کیلئے ہماری حکومت نے انقلابی کامیاب جوان پروگرام شروع کیا ہے جبکہ یہاں کے نوجوانوں کا جوش اور ان کی ٹیکنیکل مہارت دیکھ کر یہ کہنا مشکل نہیں کہ بہت جلد ای کامرس میں فیصل آباد لیڈر بنے گا۔

انہوں نے کہاکہ کامیاب جوان پروگرام میں نوجوان سرچ کریں جس کیلئے حکومت کی جانب سے 16ارب روپے کے بلا سود قرضے نوجوان ہنر مند لڑکوں ا ور لڑکیوں کو فراہم کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ اگر ایک نوجوان کو اپنا بزنس چلانے کیلئے بلا سود قرضہ مل جائے تو وہ اپنے ساتھ دیگر 5یا 10لڑکوں و لڑکیوں کو بھی روز گار فراہم کر سکتا ہے جبکہ نوجوانوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے سب سے آسان یہ ہے کہ انہیں بلا سود قرضے فراہم کئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ای کامرس بہت بڑا شعبہ ہے جس میں ترقی کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ فیصل آباد میں تھیسز شروع ہو گا کہ اپوزیشن کدھر گئی۔

انہوں نے کہاکہ تحریک عدم اعتماد صرف خبروں کی حد تک موجود ہے جس کا عملی کوئی وجود نہیں اور نہ ہی اس قسم کے دعوے کرنے والے کسی ایک ایجنڈے پر متفق ہیں۔انہوں نے کہاکہ مولانا فضل الرحمن تو اپنے علاقے سے ہی سیٹ ہار جاتے ہیں وہ کسی کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے اسی طرح میاں شہباز شریف کو بھی ق لیگ کی طرف سے ٹھینگا جواب ملا ہے جس کے بعد شہباز شریف نے زرداری سے ملاقات رکھ لی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ہم سب سے برابری کا تعلق رکھنا چاہتے ہیں جس میں امریکہ سے ہمارا تعلق روس سے الگ ہے تاہم عمران خان نے روس کے ساتھ تعلقات بڑھانے کا اقدام اٹھایا ہے جس کے بہت جلد اچھئے ثمرات ملیں گے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان ایک بے باک لیڈر ہے تاہم ان کی کوشش ہے کہ کسی سے ٹکراؤ نہ ہو اور کسی بھی ملک سے ٹکراؤ کی بجائے مفاہمت کی پالیسی سے کام لیا جائے جس سے ملک کو فائدہ پہنچے۔

علی محمد خان نے کہاکہ پاکستان اس کے ساتھ تعلقات بڑھانا چاہتا ہے جو یوتھ کو بزنس و ملازمت کے مواقع فراہم کر سکے۔تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت کہیں نہیں جا رہی بلکہ ہم نہ صرف 5سال کی آئینی مدت پوری کریں گے بلکہ اگلے 5سال بھی پی ٹی آئی کے ہی ہوں گے۔

انہوں نے کہاکہ اگر اپوزیشن کو شوق ہے تو یہی گھوڑا یہ میدان حاضر ہے مگر ہمیں کہیں بھی تحریک عدم اعتماد نظر نہیں آرہی۔ انہوں نے کہاکہ ہم پارلیمنٹ میں انتظار کرتے رہتے ہیں کہ کوئی آئے مگر کوئی نہیں آتا۔انہوں نے کہاکہ تحریک عدم اعتماد کیلئے ابھی تک کوئی بھی کاغذ ہی نہیں بنا صرف چائے کھانے پینے کے علاوہ ان کے پاس کچھ بھی نہیں۔

انہوں نے کہاکہ عدم اعتماد کی باتیں کرنے والے آپ کو بہت جلد کہیں بھی نظر نہیں آئیں گے کیونکہ اپوزیشن اپنی ساکھ بالکل کھو چکی ہے اور ان میں ایک دوسرے پر اعتماد کا بھی فقدان ہے۔وزیر مملکت نے کہاکہ حکومت عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے بھر پور اقدامات کر رہی ہے اور آنے والے ایام عوام کیلئے واضح ریلیف کا پیغام لائیں گے اور بہت جلد مہنگائی کی صورتحال پر بھی قابو پا لیا جائے گا۔