اسلام آباد۔2ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے 300 دنوں کے اندر دریا کے کنارے سے تمام غیر منظم تعمیرات کو ہٹانے کے سخت احکامات جاری کیے ہیں۔پیر کو ایک نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر تجاوزات خواہ وہ عمارتیں ہوں یا آبادیاں جو قدرتی پانی کے راستوں میں رکاوٹ بنتی ہیں، صوبوں کے تعاون سے ختم کی جائیں گی، دس ماہ کی ڈیڈ لائن میں کوئی توسیع نہیں کی جائے گی، ان اقدامات پر جلد کام نظر آئے گا۔
مصدق ملک نے کہا کہ ماحولیاتی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے عالمی اور مقامی دونوں اقدامات ضروری ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹیلی میٹری سسٹم کی نہ صرف منظوری ہو چکی ہے بلکہ اس پر عمل درآمد بھی جاری ہے، جس کی تکمیل اگلے سال متوقع ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ نظام ملک میں پانی کے ہر قطرے کی شفاف نگرانی کو یقینی بنائے گا۔