اسلام آباد۔10مارچ (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ نواز (ن) کے سینئر رہنما ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف ، پاکستان کی معیشت کی بحالی کے لیے سب سے بہترین صلاحیتوں کے حامل ماہرین کو کابینہ میں شامل کرنے کے خواہشمند ہیں۔
اتوار کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم معاشی مسائل جیسے کہ مہنگائی، توانائی بحران، بے روزگاری ،کاروبار اور صنعتوں کا بہتر ماحول پیدا کر کے برآمدات بڑھانے کے لیے سنجیدہ ہیں تاکہ معیشت کو دوبارہ پٹڑی پر لایا جا سکے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج ہر سیاسی جماعت کا جمہوری حق ہے لیکن انتشار پھیلانے اور عوام کو متاثر کرنے والوں کو کسی قیمت پر برداشت نہیں کیا جائے گا۔