وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور صدر شی جن پنگ کے درمیان ایس سی او اجلاس کے موقع پر ملاقات

190

بیجنگ ۔ 10 جون (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان اور چین کے صدر شی جن پنگ کے درمیان رواں ہفتے کرغزستان کے شہر بشکیک میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس کے دوران ملاقات میں علاقائی اور بین الاقوامی امور کے علاوہ پاک چین تعلقات کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ یہ بات چین کے نائب وزیر خارجہ ژینگ ہان ہوئی نے پیر کو اپنے ایک بیان میں کہی ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ دونوں رہنماﺅں کی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر خصوصی توجہ کے ساتھ ساتھ عالمی اور علاقائی امور پر تفصیلی گفتگو ہوگی ۔ چین کے صدر شی جن پنگ کے کرغزستان اور تاجکستان کے دوروں پر بریفنگ کے دوران ”اے پی پی “ کے نمائندے کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے رہنماﺅں کی ملاقات کے انتظامات پر تبادلہ خیال کیا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے رواں سال چین کا دورہ کیا تھا اور چینی صدر سے ملاقات بھی کی تھی جس میں پاک چین دوطرفہ تعلقات سمیت علاقائی مسائل اور دہشت گردی کے خاتمے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔