اسلام آباد ۔ 31دسمبر (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف نے ملک بھر میں بہترین طرز حکومت کا عمل تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم نے کمیٹی کو "گڈ گورننس” کے حوالے سے سفارشات کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو اس عمل میں بھرپور طور پر شریک کیا جائے۔ اس عزم کا اعادہ پیر کو تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل ارشد داد کی سربراہی میں پارٹی کی ”گڈگورننس کمیٹی“ کی وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے ملاقات میں کیا گیا۔ ملاقات میں گورنر پنجاب چوہدری سرور، وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، وزیر اعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق اور مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل اعجاز چوہدری بھی موجود تھے۔ تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل ارشدداد نے ملک بھر سے بدانتظامی کے خاتمے اور عمدہ گورننس کے فروغ کی حکمت عملی پر وزیراعظم کو تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے کمیٹی کو "گڈ گورننس” کے حوالے سے سفارشات کو حتمی شکل دینے اور عمدہ گورننس کے عمل میں نوجوانوں کو بھرپور حصہ دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی انتظامی کمیٹیوں میں اہلیت اور مفادِ عامہ کیلئے خدمات سرانجام دینے میں دلچسپی کے حامل افراد کو موقع دیا جائے۔ وزیراعظم نے کمیٹی کو صوبے، ضلع اور تحصیل کی سطح پر اہلیت کی بنیاد پر شہریوں کے چناو¿ کا عمل جلد از جلد شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔