اسلام آباد۔23جون (اے پی پی):وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت وزیر اعظم ڈیجیٹل یوتھ ہب پر اب تک 26 لاکھ سے زائد نوجوانوں نے رجسٹریشن کرائی ہے ، جو پلیٹ فارم کی غیر معمولی آگاہی اور وسیع صلاحیت کو اجاگر کرتی ہے۔اس قابل ذکر کامیابی نے ڈیجیٹل مہارتوں اور مواقع کے ذریعے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے حکومت کے عزم کو اجاگر کیا۔
وزیراعظم یوتھ پروگرام کے ایک عہدیدار کے مطابق حال ہی میں شروع کئے گئے ڈیجیٹل یوتھ ہب کا مقصد ڈیجیٹل تقسیم کو ختم کرنا اور نوجوان افراد کو آج کے ڈیجیٹل منظر نامے میں ترقی کے لئے درکار مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے،26 لاکھ سے زیادہ رجسٹریشن کے ساتھ یہ پلیٹ فارم مواقع تلاش کرنے والے نوجوانوں کےلئے ایک منزل بن گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ 1000 سےزیادہ ملکی اور غیر ملکی کمپنیوں نے ڈیجیٹل یوتھ ہب پررجسٹریشن کرائی ہے۔
انہوں نےبتایا کہ پلیٹ فارم کی تیز رفتار ترقی اس کی نوجوان آبادی کی صلاحیت کو بروئے کار لانے کی حکومت کی کوششوں کا ثبوت ہے۔اس اقدام سے ملک کے مستقبل کے لیڈروں کی تشکیل اور اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرنے کی امید ہے،ملک بھر سے رجسٹریشن جاری ہے ، نوجوان اپنی صلاحیتوں کو بڑھانے اور ملازمت کے بہتر امکانات کو محفوظ بنانے کے لئے پلیٹ فارم کے وسائل سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں ۔
انہوں نے بتایا کہ جس طرح یہ پلیٹ فارم ترقی کررہا ہے توقع ہے کہ اس سے ملک کے نوجوانوں پر گہرا اثر پڑے گا، جو انہیں معیشت اور معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے کے لئے بااختیار بنائے گا۔چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ حکومت نوجوانوں کو تمام دستیاب وسائل فراہم کرنے کےلئے پرعزم ہے ، نوجوان اپنی صلاحیتوں کے مطابق مواقع کے حصول کےلئےوزیراعظم ڈیجیٹل یوتھ ہب کی ویب سائٹ سے استفادہ کریں