اسلام آباد ۔ 16 اپریل (اے پی پی) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے مسیحی برادری سمیت ملک میں مقیم دیگر تمام اقلیتوں کو یقین دلایا ہے کہ پاکستان ان کا وطن ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام پاکستانیوں کے اتحاد میں ملک کے امن اور خوشحالی کا راز مضمر ہے ۔ ایسٹر کے حوالے سے مسیحی برادری کے نام اپنے خصوصی پیغام میں وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ ہماری اخلاقی اور قومی ذمہ داری ہے کہ مسیحی برادری کے ہر رکن سمیت دیگر اقلیتوں کے ہر فرد کے حقوق کا تحفظ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تمام شہریوں کو آئین کے تحت مساوی حقوق حاصل ہیں۔