منسک۔11اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے دورہ بیلاروس کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سے 100سے زائد کمپنیوں کی شرکت اور بیلاروس سے بھی اسی طرح مثبت شرکت بلا شبہ حوصلہ افزاء امر ہے جس کے دونوں ممالک کے لئے جلد دوررس اثرات مرتب ہوں گے۔بیلاروس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ دونوں ممالک دوستی کے رشتے کو دو طرفہ تجارت میں بدلنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکا شینکو پاکستان کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں اسی لیے انہوں نے اپنے حالیہ دورہ پاکستان میں میاں محمد نوازشریف سے اہم ملاقات کی اور انہیں اور وزیر اعظم کو دورہ بیلاروس کی دعوت دی۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین ذرائع آمدورفت کو بڑھانا ضروری ہے، ہم جی ٹو جی اور بی ٹو بی تعلقات کو بھی فروغ دے رہے ہیں، پاکستان سے بیلاروس میں ڈائریکٹ کوئی فلائٹ نہیں آتی جبکہ کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لئے ان تمام رابطوں کو مضبوط بنانا ہوگا۔
ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ جغرافیائی اعتبار سے بیلاروس یورپ کی بڑی منڈی ہے، پاکستان سے بزنس کمیونٹی امپورٹ ایکسپورٹ کے لئے دلچسپی رکھتی ہے اور ہمیں اس مارکیٹ سے زیادہ سے زیادہ مستفید ہونا ہے۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے بتایا کہ وزیر اعظم کے اس دورہ سے قبل اس ماہ کے آغاز میں بھی انہوں نے بیلاروس کا دورہ کیا جس کے دوران توانائی، ٹرانسپورٹ اورمواصلات کے وزراء سے مفید ملاقاتیں ہوئیں، اسی طرح یہاں کے بڑے ٹریکٹر پلانٹ کا دورہ بھی سود مند رہا اور اب پاکستان بھی ایسے ہی پلانٹ کی تنصیب کا خواہاں ہے۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے توقع ظاہر کی کہ اس دورے کے بعد دونوں ممالک کے مابین مثبت سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور پاکستان کے لئے نہ صرف بیلاروس بلکہ مشرقی یورپ اور دیگر ممالک کیلئے بھی تجارتی سرگرمیاں فروغ پائیں گی۔