وزیر اعظم کا سٹاک مارکیٹ تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچنے پر اطمینان کا اظہار، مارکیٹ میں تیزی کا رجحان سرمایہ کاروں و کاروباری شخصیات کے عوام دوست بجٹ پر اعتماد کا مظہر ہے، محمد شہباز شریف

25
Prime Minister
Prime Minister

اسلام آباد۔11جون (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سٹاک مارکیٹ تاریخ کی بلند ترین سطح ایک لاکھ 24 ہزار پوائنٹس پر پہنچنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان سرمایہ کاروں و کاروباری شخصیات کے عوام دوست بجٹ پر اعتماد کا مظہر ہے، بجٹ میں عام آدمی پر ٹیکس کا مزید بوجھ نہیں ڈالا گیا۔ بدھ کو پی ایم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ تنخواہوں میں اضافے اور ٹیکس میں کمی سے نوکری پیشہ افراد کو ریلیف ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ الحمداللہ ملکی معاشی ترقی کا سفر شروع ہے، پاکستانی عوام نے قربانیاں دیں، اب ہم سب کو مل کر عام آدمی کی زندگی میں بہتری لانے کےلئے محنت کرنا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ مہنگائی کی شرح میں کمی، زرمبادلہ کے ذخائر، ترسیلات زر اور بر آمدات میں اضافہ معاشی ٹیم کی شبانہ روز محنت کی بدولت ممکن ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ڈیفالٹ کے دہانے سے واپسی، معاشی استحکام اور ترقی کے سفر کی شروعات معجزہ ہے، معاشی ٹیم کی محنت اور پاکستان کے مفادات کو اولین ترجیح دینے کی بدولت معاشی سطح پر یہ مثالی ٹرن اوور تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا۔