وزیر اعظم کی ترکیہ کے نومنتخب صدر رجب طیب اردوان کو مبارکباد ،یقین ہے ترکیہ خطے اور اسلامی دنیا میں امن واستحکام کے لئے موثر کردار ادا کرے گا، شہباز شریف

285

لاہور ۔29مئی (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہبازشریف نے ترکیہ کے نومنتخب صدر رجب طیب اردوان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے یقین ہے کہ ترکیہ خطے اور اسلامی دنیا میں امن واستحکام کے لئے اپنا اور بھی زیادہ موثر کردار ادا کرے گا،پاکستان اور ترکیہ کے درمیان خصوصی تعلقات کو مزید مضبوط اور گہرا کرنے میں طیب اردوان کی ذاتی وابستگی باعث تقویت اور اطمینان ہے۔

پیر کووزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کو ٹیلی فون کیااور دوبارہ صدر منتخب ہونے پر مبارک پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔وزیر اعظم نے ترکیہ کے صدر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا دوبارہ انتخاب ترکیہ کے عوام سے وابستگی اور مثالی خدمت کا اعتراف ہے۔صدر اردوان 28 مئی کو الیکشن میں مشترکہ اپوزیشن کو شکست دے کر 52.16 فیصد ووٹوں کی برتری سے دوبارہ منتخب ہوئے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ دو دہائیوں میں آپ کی قیادت میں ترکیہ نے نمایاں ترقی کی ہے،مجھے یقین ہے کہ آپ کی دانشمندانہ اور بصیرت افروز قیادت میں ترکیہ ترقی اور خوشحالی کی راہ پر اپنا سفر اسی رفتار سے جاری رکھے گا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ترکیہ خطے اور اسلامی دنیا میں امن واستحکام کے لئے اپنا اور بھی زیادہ موثر کردار ادا کرے گا،پاکستان اور ترکیہ کے درمیان خصوصی تعلقات کو مزید مضبوط اور گہرا کرنے میں طیب اردوان کی ذاتی وابستگی باعث تقویت اور اطمینان ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ آنے والے دنوں میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ برادرانہ تعلقات کو مزید مظبوط بنانے کےلئے آپ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے پختہ عزم پر کاربند ہیں، دونوں ممالک کی اعلی سطح سٹریٹیجک کوآپریٹو کونسل کے ساتویں اجلاس کے جلد انعقاد کے خواہاں ہیں،اجلاس میں شرکت کےلئے آپ کی پاکستان آمد پر خیر مقدم کے لئے چشم براہ ہوں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ترک صدر کی آمد دونوں برادر ممالک کی کثیرالجہتی شعبوں میں سٹریٹیجک شراکت داری کے مزید فروغ کا باعث ہوگی، ترکیہ کے نومنتخب صدر رجب طیب اردوان نے وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا اور خیرسگالی کے گرمجوش جوابی جذبات کا اظہار کیا۔صدر ایردوان نے پاکستان کی حکومت اور عوام کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔