اسلام آباد۔11فروری (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی دعوت پر ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان 12 سے 13 فروری تک پاکستان کا دورہ کریں گے، صدر اردوان کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہو گا جس میں وزرا اور اعلیٰ حکام کے علاوہ کارپوریٹ رہنما بھی شامل ہوں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے منگل کو جاری بیان کے مطابق دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور صدر اردوان پاک ترک اعلیٰ سطحی سٹریٹجک کوآپریشن کونسل کے ساتویں اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔ سیشن کے اختتام پر ایک مشترکہ اعلامیہ اور متعدد اہم معاہدوں؍ایم او یوز پر دستخط کیے جانے کی توقع ہے۔
دونوں رہنما مشترکہ پریس کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے۔ صدر اردوان ،وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری سے بھی دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے۔ وزیر اعظم شہباز شریف کے ساتھ وہ پاکستان ترک بزنس اینڈ انویسٹمنٹ فورم سے خطاب کریں گے جس میں دونوں اطراف کے سرکردہ سرمایہ کار، کمپنیوں اور کاروباری افراد شریک ہوں گے۔ بیان کے مطابق ہائی لیول سٹریٹجک کوآپریشن کونسل فیصلہ سازی کا اعلیٰ ترین فورم ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئےسٹریٹجک سمت فراہم کرتا ہے۔
ہائی لیول اسٹریٹجک کوآپریشن کونسل کے تحت متعدد مشترکہ قائمہ کمیٹیاں ہیں، جن میں تجارت، سرمایہ کاری، بینکنگ، فنانس، ثقافت، سیاحت، توانائی، دفاع، زراعت، ٹرانسپورٹ، مواصلات، آئی ٹی، صحت، سائنس اور ٹیکنالوجی اور تعلیم کے شعبے شامل ہیں۔ اب تک ایچ ایل ایس سی سی کے چھ اجلاس منعقد ہو چکے ہیں۔ آخری اجلاس 13-14 فروری 2020 کو اسلام آباد میں ہواتھا ۔
بیان کے مطابق پاکستان اور ترکیہ تاریخی برادرانہ رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ ترک صدر کا دورہ اور ہائی لیول سٹریٹجک کوآپریشن کونسل کے 7ویں اجلاس کا انعقاد دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور کثیر جہتی تعاون کو بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا۔