اسلام آباد۔7اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان نے زراعت کے شعبے میں تاریخی نمو اور برآمدی اہداف کے حصول کے لیے متعلقہ حکام کی کوششوں کو سراہا ہے۔
جمعرات کو وزیر اعظم سے وزیر براۓ ئے نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ (این ایف ایس آر) سید فخر امام نے ملاقات کی،وزیر اعظم کو کپاس ، گندم ، چاول ، گنے اور مکئی کی فصلوں کی پیداوار کے حوالے سے اب تک کے حوصلہ افزا رجحانات کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
وزیراعظم کو بتایا گیا کہ 30 ستمبر 2021 تک پاکستان نے کپاس میں 38.5 ملین گانٹھ کی پیداوار حاصل کی ہے جبکہ گزشتہ سال اسی مدت کے دوران 27 ملین گانٹھیں حاصل ہوئیں۔
وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ ہم گندم ، چاول ، گنے اور مکئی کی پیداوارمیں پچھلے سال کے پیداواری اعداد و شمار بالترتیب 27.5 ملین ٹن ، 8.4 ملین ٹن، 81 ملین ٹن اور 8.4 ملین ٹن سے باآسانی تجاوز کرنے کی راہ پر گامزن ہیں ۔
وزیراعظم نے وزارت خوراک کی کارکردگی کو سراہا جو کہ آم اورترش پھلوں (سٹرس فروٹ) کی برآمد میں ریکارڈ برآمدی اہداف بالترتیب 150،000 ٹن اور 463،000 ٹن حاصل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔وزیراعظم نے زراعت کے شعبے میں تاریخی نمو اور برآمدی اہداف کے حصول کے لیے متعلقہ حکام کی کوششوں کو سراہا