وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس، نیشنل ایڈولیسینٹ اینڈ یوتھ پالیسی کی منظوری دے دی

وفاقی کابینہ نے وزارت بین الصوبائی روابط کی سفارش پر نیشنل ایڈولیسینٹ اینڈ یوتھ پالیسی کی اصولی منظوری دے دی جس کے تحت نوجوانوں کو مرکزی دھارے میں لایا جائے گا۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جمعرات کو یہاں منعقد ہوا۔ پی ایم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں وفاقی کابینہ نے وزارت بین الصوبائی روابط کی سفارش …

اسلام آباد۔20اگست (اے پی پی):وفاقی کابینہ نے وزارت بین الصوبائی روابط کی سفارش پر نیشنل ایڈولیسینٹ اینڈ یوتھ پالیسی کی اصولی منظوری دے دی جس کے تحت نوجوانوں کو مرکزی دھارے میں لایا جائے گا۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جمعرات کو یہاں منعقد ہوا۔ پی ایم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں وفاقی کابینہ نے وزارت بین الصوبائی روابط کی سفارش پر نیشنل ایڈولیسینٹ اینڈ یوتھ پالیسی کی اصولی منظوری دے دی۔

یہ پالیسی پاکستان کی نوجوان آبادی کو بااختیار بنانے کے لئے ایک مربوط قومی فریم ورک بنانے کے حوالے سے ایک اہم پیشرفت ہے۔ اس پالیسی کے تحت حکومت کی سطح پر نوجوان آبادی کو مرکزی دھارے میں لایا جائے گا جو کہ نوجوانوں کو یکساں اور بہتر معاشی اور معاشرتی ماحول کی فراہمی یقینی بنانے کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ اس پالیسی قومی فریم ورک کے چار بنیادی ستونوں میں تعلیم، روزگار، شمولیت اور ماحولیات شامل ہیں۔ اس پالیسی کے نفاذ کے حوالےسے پاکستان یوتھ ڈویلپمنٹ کونسل اور فیڈرل ایڈولیسینٹ اینڈ یوتھ ایجنسی کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ اس پالیسی کی تشکیل کے حوالے سے ملک بھر میں 32 ہزار 145 سروے کئے گئے اور اس حوالے سے 2 لاکھ سے زائد نوجوانوں کی آرا لی گئیں۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ مذکورہ پالیسی کے حوالے سے کابینہ ارکین کی تجاویز کو پالیسی کا حصہ بنایا جائے۔وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے ریاستی ملکیتی ادارہ جات کے 9 جولائی، 2026 کو ہوئے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کر دی۔ وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 14 اگست 2026ء اور کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز کے 18 جون 2026ء، 30 جولائی 2026ء، 5 اگست 2026ء اور 18 اگست 2026ء کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق بھی کی۔