اسلام آباد۔14اپریل (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور دنیا بھر میں بسنے والے سکھ بھائیوں کو بیساکھی کے پرمسرت موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ یہ دن خوشی اور خوشحالی لے کر آئے۔
پیر کو پی ایم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بیساکھی کے دن کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا کہ آج کا دن نہ صرف فصلوں کے پکنے کا اعلان ہے بلکہ یہ ایک تہوار کے طور پر منایا جاتا ہے کیونکہ یہ کسانوں کے لیے بڑی خوشی کا وقت ہوتا ہے جب وہ اپنی محنت کا پھل حاصل کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ دن امید، اتحاد اور تجدید کے پائیدار جذبے کی یاد دہانی کے طور پر منایا جاتا ہے جو ہماری برادریوں کو متحد اور ہماری قوم کی تشکیل کرتا ہے۔ وزیر اعظم نے دعا کی کہ بیساکھی ہر میدان میں خوشحالی، ہر دل کو سکون اور پاکستان کے کونے کونے میں ترقی لائے۔ انہوں نے کہا کہ آئیےہم بیساکھی کے جذبے سے متاثر ہو کر ایک روشن، جامع اور مضبوط کل کی تعمیر کے لیے مل کر ساتھ آگے بڑھیں، ’’ساریاں نو ویساکھی دیاں ودھائیاں!‘‘۔