اسلام آباد۔4ستمبر (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی طرف سے بجلی استعمال کرنے والے صارفین کےلئےفیول چارج ایڈجسٹمنٹ کی مد میں اعلان کردہ ریلیف کا عمل شروع ہوگیا۔ وزارت توانائی نے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن کردیا ۔
وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو ریلیف کی فراہمی کے حوالہ سے وزارت توانائی کی جانب سےباقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔نوٹیفیکیشن کے مطابق 300 اور اس سے کم بجلی کے یونٹ استعمال کرنے والےصارفین سے بجلی کے بلوں میں فیول چارج ایڈجسٹمنٹ وصول نہیں کیا جائے گا ۔
اگست کے مہینے کے بلوں میں فیول چارج ایڈجسٹمنٹ کو شامل کیا گیا تھا جس پر شہری سراپا احتجاج تھے ۔وزیراعظم کی ہدایت پر نئے بلوں کی ادائیگی کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ، بل ادائیگی کی آخری تاریخ میں توسیع بھی کر دی گئی ۔ واضح رہے کہ جو شہری بل ادا کر چکے ہیں، آئندہ ماہ کے بجلی بلوں سے ادا شدہ رقم کم کر دی جائے گی۔