اسلام آباد۔11مارچ (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے رمضان المبارک میں عوام کو سستی اشیاء ضروریہ کی فراہمی کے لئے عوامی نمائندوں اور وزراء کو رمضان بازار، سہولت سٹالز اور دیگر مختص مقامات کے دورے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرائس کنٹرول کے نظام کی مسلسل نگرانی کی جائے، یقینی بنایا جائے کہ کوئی بھی ناجائز منافع خور سزا سے بچ نہ پائے اور کوئی بے گناہ زیرعتاب نہ آئے۔
منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں رمضان المبارک کے دوران اشیاء خوردونوش ارزاں قیمتوں پر فراہم کرنے کے لئے قائم کردہ کمیٹی کی کارکردگی کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزرااحسن اقبال، احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، طارق فضل چوہدری، حنیف عباسی، وزیر مملکت طلال چوہدری اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے رمضان المبارک میں اشیاء خوردونوش کی قیمتیں کنٹرول کرنے اور عوام کو اشیائے ضروریہ کی کم نرخوں پر دستیابی پر کمیٹی اور اسلام آباد انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا۔
وزیراعظم نے کہا کہ یقینی بنایا جائے کہ کوئی بھی منافع خور سزا سے بچ نہ پائے اور کوئی بے گناہ زیر عتاب نہ آئے، ماہ رمضان میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ عوامی نمائندے اور وفاقی وزراء سستی اشیائے ضروریہ کی عوام کی فراہمی کے لئے اسلام آباد میں قائم رمضان بازار ، سہولت سٹالز اور دیگر مختص مقامات کے دورے یقینی بنائیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پرائس کنٹرول کے نظام کی مسلسل نگرانی کی جائے تاکہ عوام کو ریلیف کی فراہمی میں کوئی کمی نہ آئے۔ اجلاس میں وزیر اعظم کو قیمتیں کم کرنے کے اقدامات، سستی اشیاء خوردونوش کی فراہمی کے لئے قائم کردہ سہولت مراکز اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ اسلام آباد میں 16 سہولت سٹالز، 5 رمضان بازار، 18 فیئر پرائس دکانیں اور متعدد دیگر سہولیات قائم کی گئی ہیں، ان سہولیات میں گھی، انڈے، دالیں، چینی، چکن اور دیگر اشیائے خوردونوش مارکیٹ ریٹ سے کم نرخوں پر فروخت ہو رہی ہیں، 12 اشیاء ضروریہ کی ارزاں نرخوں پر فراہمی یقینی بنانے کے لئے ڈیپارٹمنٹل سٹورز میں ڈی سی کائونٹر قائم کئے گئے ہیں، رمضان المبارک کے آغاز سے اب تک ناجائز منافع خوروں کے خلاف 4915 انسپکشنز، 785 گرفتاریاں اور 728000 روپے کے جرمانے عائد کئے جا چکے ہیں، پرائس مجسٹریٹس کی کارکردگی کی نگرانی کے لئے آن لائن ایپ استعمال کی جا رہی ہے، بیت المال کے تحت اسلام آباد میں 8 مقامات پر مستحق روزہ داروں کو افطاری کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔