اسلام آباد۔30جولائی (اے پی پی):وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر مختاراحمدبھرتھ نے کہاہے کہ وزیر اعظم کی قیادت میں صحت کے شعبے کی بہتری کے لئے بھر پور اقدامات جاری ہیں، وفاق اور صوبوں نے ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے لئے68ارب کی خطیر لاگت سے پروگرام کا آغاز کر دیا ہے،ڈبلیو ایچ او کی صحت کے شعبہ میں جاری خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ وزارت صحت سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کااظہار انہوں نے ڈائریکٹر عالمی ادرہ صحت کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد سے گفتگوکرتےہوئے کیاجنہوں نے منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری ہیلتھ ندیم محبوب بھی موجود تھے۔
ملاقات میں صحت کے شعبے اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او کی صحت کے شعبہ میں جاری خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔ وزیر اعظم کی قیادت میں صحت کے شعبے کی بہتری کیلیے بھر پور اقدامات جاری ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ہیپاٹائیٹس سی کے خاتمے کے لئے وفاق اور صوبوں نے 68ارب کی خطیر رقم سے پروگرام کا آغاز کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے پروگرام برائے ہیپاٹائٹس سی کا خاتمہ پر وفاقی اور صوبائی حکومتیں عمل درآمدکریں گی۔ملک بھر میں بڑے پیمانے پر 160 ملین آبادی کی سکریننگ کو یقینی بنائیں گے۔ٹیسٹ مثبت آنے پر مریضوں کو مفت علاج فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ہیپاٹائٹس کا بہت زیادہ بوجھ ہونے کے باعث وزارت صحت نے ہیپاٹائٹس کے خاتمہ کو یقینی بنانے کے لئے مربوط حکمت عملی بنائی ہے ۔ہیپاٹائٹس سی کے نتیجے میں ہونے والی پیچیدگیوں سے اموات بڑھ جاتی ہیں اور ان کا علاج بھی مہنگا ہے ۔
ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے وفاق اور صوبے مل کر ہیپاٹائٹس کے خاتمے کو یقینی بنائیں۔ وزارت خون کی سکریننگ بڑھانے ٹیسٹنگ اور علاج، خون کی محفوظ منتقلی کو یقینی بنائے گی ۔غیر استعمال شدہ اور ڈسپوزیبل سرنجوں کے استعمال اور انفیکشن کنٹرول پر عمل درآمد کو یقینی بنائے گی ۔ ملاقات میں ڈائریکٹر عالمی ادرہ صحت نے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر ملک مختار احمد کو ہیپا ٹائٹس کے خاتمہ کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔عالمی ادارہ صحت کے وفد نے ہیپا ٹائیٹس کی روک تھام کے لئے حکومتی اقدامات کو بھی سراہا۔