وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا بیان

87

اسلام آباد ۔ 19 جولائی (اے پی پی) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) سیاسی منافقت کا شکار ہے، بوکھلاہٹ اور افراتفری کے عالم میں ہیں انہیں کچھ سمجھ نہیں آ رہا کیا کہیں؟ اور کیا نہ کہیں،ایک طرف کہتے ہیں کہ وزیراعظم کی حیثیت کیا ہے؟ دوسری طرف واویلا مچارہے ہیں کہ سب کچھ عمران خان کروا رہے ہیں،تضادات سے بھر پور دعووں والی جماعت کا بیانیہ پنکچر ہو چکا ہے،بیگم صفدر صاحبہ!آپ اور آپ کی جماعت کی تاریخ سمجھوتوں سے عبارت ہے،وہ سمجھوتے چاہے ذاتی ہوں یا سیاسی ہوں ۔جمعہ کو اپنے بیان میں وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ تاریخی سمجھوتوں کا شکار خاندان کس منہ سے اصولوں کی بات کرتا ہے،مسلم لیگ ن کبھی بھی عوام کی نہیں خواص کی جماعت رہی،مزاحمت اور اصول پسندی آپ کے خمیر میں ہی نہیں۔ آپ حکومت میں ہو ں تو لوگوں کے گلے پکڑتے ہیں اور اقتدار سے باہر ہوں تو پاﺅں پڑ جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی پیٹھ پر چھرا تب گھونپاگیا جب آپ کے بڑوں نے یونس حبیب سے پیسے لے کر آئی جے آئی بنائی،اپنے کارکنوں اور عوام کو بے آسرا چھوڑ کر صندوقوں سمیت سرور پیلس میں سرور کرنے والوں کے منہ سے جمہوریت اور اصول پسندی کی بات مضحکہ خیز ہے۔