وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا ایپٹماآفس میں پریس کانفرنس سے خطاب

98

لاہور۔9 اکتوبر(اے پی پی )وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن اصولی کی بجائے چندہ وصولی کی سیاست کر رہے ہیں اورضد، ہٹ دھرمی اور وزیر اعظم سے ذاتی عناد پر مبنی بیانیہ کو لیکر چل رہے ہیں‘پاکستان سے محبت کرنیوالے کبھی بھی ایسے ذاتی ایجنڈے کے ساتھ کھڑے نظر نہیں آئیں گے‘احتجاج کرنا مولانا کا حق ہے لیکن اس کیلئے یہ وقت ٹھیک نہیں ہے‘مولانا ہوش کے ناخن لیں اور پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی سازشوں کی بجائے وزیر اعظم کے ترقی اور خوشحالی کے بیانیے کے ساتھ کھڑے ہوں کیونکہ ان کا یہ اقدام پاکستان کو سیاسی طور پر تقسیم کرنے کے مترادف ہے۔دنیا پاکستان کو اکنامکس فرنٹ پر اہم کھلاڑی کے طور پر دیکھ رہی ہے‘پاکستان کی معیشت کا پہیہ چلنے سے مزدور کا چولہا چلتا ہے جبکہ ٹیکسٹائل انڈسٹری پاکستان کی صنعت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے‘سیاسی مورچے پر بیٹھے مخالفین کے پانچ سالہ دور میں زیرو ایکسپورٹ رہی جبکہ ہماری حکومت کو چالیس ارب کا خسارہ ملا‘ہماری حکومت نے درآمدات کی بجائے برآمدات کو ترجیح دی اوروزیر اعظم نے ٹیکسٹائل انڈسٹری کی بحالی کے لیے اقدامات کیے‘اپٹما نے حکومت اور وزیر اعظم کو مایوس نہیں کیا‘وزیر اعظم عمران خان نے چین کے صدر اور وزیراعظم سے ملاقاتوں میں باہمی تجارت، سی پیک کی اقتصادی ترقی اور کاروباری روابط بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا‘ملاقاتوں میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف بھی بات ہوئی‘چائنہ نے پاکستان کے افغانستان میں کردار پر بھی اعتماد کا اظہار کیا ہے‘سی پیک کے تحت بننے والے انڈسٹریل زون سے ملک میں ترقی و خوشحالی آئے گی۔وہ بدھ کے روز آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن(ایپٹما) کے آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں۔