۔ 19 جنوری (اے پی پی) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا عوام سے درد اور احساس کا رشتہ ہے، عمران خان نے قوم سے فرسودہ نظام بدلنے کا وعدہ کیا ہے اور وہ ملک کو مشکلات سے نکالیں گے، وزیر اعظم عمران خان ہی ملک کو خوشحال اور ترقی یافتہ بنا سکتے ہیں، عوام نے سیاسی بہروپیوں کو مسترد کر کے عمران خان جیسا احساس رکھنے والا لیڈر منتخب کیا، وزیر اعظم کا وعدہ ہے کہ مافیا کو شکست دے کر رہیں گے اور پسے ہوئے طبقے کا استحصال کرنے والوں کو انجام تک پہنچائیں گے، حکومت اصلاحات کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہو کر قوم سے کئے گئے وعدے پورے کرے گی، وزیر اعظم عمران خان ہی ملک کو خوشحال اور ترقی کی راہ پر ڈال سکتے ہیں، عمران خان دن رات عوام سے کئے گئے وعدوں کو نبھانے کیلئے مصروف عمل ہیں۔ ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات نے اتوار کو سیالکوٹ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کثیر تعداد میں جلسے میں شرکت کرنے پر عوام کی مشکور ہوں، الیکشن میں عوام کے دیئے 95 ہزار ووٹ مجھ پر قرض ہیں اور ہماری حکومت عوام کو ان کا حق دینے کیلئے کوششیں کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہائیوں سے ملکی خزانے کو بے دردی سے لوٹنے والے ہم سے پوچھتے ہیں کہ مہنگائی کیوں ہے، سابقہ حکومتوں نے عوام کے حق پر ڈاکا ڈالا لیکن پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے قوم کے بچوں کے مستقبل کو تاریک کیا اور اپنے بچوں کیلئے بیرون ملک جائیدادیں بنائیں، یہ پاکستان میں صرف سیاست کرنے آتے ہیں، عمران خان کے وزیر اعظم بنتے ہیں اپوزیشن جماعتوں کے قائدین اور رہنما بیماریوں کا شکار ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومتیں ریکارڈ گردشی قرضے چھوڑ کر گئیں، ماضی میں قومی خزانے کو لوٹنے والے ہم سے 15 ماہ کا حساب مانگ رہے ہیں، عوام نسل در نسل سیاست کرنے والوں سے حساب لیں گے۔ معاون خصوصی اطلاعات و نشریات نے کہا کہ سابق ادوار میں جمہوریت کے نام پر جمہور کا استحصال ہوا، سابق حکمرانوں نے جمہوریت کو ذاتی کاروبار کیلئے استعمال کیا، سابق حکمرانوں نے لندن اور دبئی میں جائیدادیں بنائیں، عوام سے جینے مرنے کے وعدے کرنے والے لندن میں مزے کر رہے ہیں، لندن کی فضاﺅں میں گھومنے والوں نے ووٹ کو عزت دو کا نعرہ دفن کر دیا، اگر ووٹ کو کوئی عزت دے سکتا ہے تو وہ صرف عمران خان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے ملک کو قرضوں میں جکڑا، سابقہ حکومتوں کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے معیشت تباہ ہوئی تاہم وزیر اعظم عمران خان خان کی قیادت میں پاکستان اپنے پاﺅں پر کھڑا ہو رہا ہے اور وہ معاشی محاذ پر جدوجہد کر رہے ہیں اور وہ دن دور نہیں جب پاکستان معاشی طور پر مستحکم ہو گا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان مستحقین افراد کیلئے لنگر خانے اور پناہ گاہیں کھول رہے ہیں، فٹ پاتھوں پر زندگی گزارنے والے لنگر خانے سے کھانا کھاتے ہیں اور پناہ گاہوں میں سوتے ہیں، حکومت نے لاکھوں مستحق خاندانوں کو صحت انصاف کارڈز دیئے اور یہی انقلابی تبدیلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملک کے پسے ہوئے طبقے کو سہولیات دینے اور انہیں اوپر اٹھانے کیلئے کئی فلاحی منصوبے شروع کئے جن میں احساس پروگرام، کامیاب نوجوان پروگرام، کفالت پروگرام، صحت انصاف کارڈز شامل ہیں، بے روزگار نوجوانوں کیلئے ہنرمند پاکستان پروگرام شروع کیا گیا ہے، نوجوانوں کے پاس موقع ہے کہ وہ قرضے لیکر اپنا کاروبار شروع کریں، اس کے علاوہ حکومت ہنرمند خواتین کو بھی ان کی صلاحتیں اجاگر کرنے کیلئے سہولیات فراہم کرے گی۔