اسلام آباد ۔ 20 جولائی (اے پی پی)وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و غربت کا خاتمہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ احساس پروگرام کا مقصد فلاحی ریاست کی تشکیل ہے۔ہفتے کو یہاں ”اے پی پی“ سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ احساس پروگرام حکومت کے ایسے اصلاحاتی ایجنڈے کی تشکیل ہے جس کا مقصد غربت کے خاتمے، اقتصادی نمو اور پائیدار ترقی کے ذریعے انسانیت کے لئے سرمایہ کاری کو فروغ دینا بھی ہے تا کہ صحت اور بعد از ثانوی تعلیم تک عام آدمی کی رسائی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ غربت کے خاتمے اور سماجی تحفظ ڈویژن کی طرف سے جاری کردہ احساس گورننس و انٹگریٹی پالیسی کا مقصد پروگرام پر عملدرآمد میں موثریت، شفافیت اور احتسابی عمل کو یقینی بناتے ہوئے بد عنوانی کے عناصر کا راستہ روکنا ہے، ان اقدامات کا مقصد ضرورت مند افراد کی فلاح و بہبود اور خدمات کی فراہمی کے اداروں کی کارکردگی کو موثر بنانا ہے تاکہ وہ بہتر طور پر خدمت کرتے ہوئے سرکاری وسائل کو قوانین کے مطابق بروئے کار لائیں اور بد عنوان عوامل اوراقرباءپروری کا عنصر شامل نہ ہوسکے۔