وزیر اعظم کی موسمیاتی تبدیلی کی معاون رومینہ خورشید عالم سے جنوبی سوڈان کے پارلیمانی وفد کی ملاقات

100
وزیر اعظم کی موسمیاتی تبدیلی کی معاون رومینہ خورشید عالم سے جنوبی سوڈان کے پارلیمانی وفد کی ملاقات

اسلام آباد۔21جنوری (اے پی پی):وزیر اعظم کی موسمیاتی تبدیلی کی معاون رومینہ خورشید عالم سے جنوبی سوڈان کے پارلیمانی وفد نے منگل کو یہاں ملاقات کی۔ وفد کی قیادت نائب سپیکر نیتھانیل اویٹ پییرینو نے کی۔

وزیر اعظم کی موسمیاتی تبدیلی کی معاون نے جنوبی سوڈان کے پارلیمانی وفد کو پائیدار ترقی کے اہداف کے بارے میں بریفنگ دی۔ رومینہ خورشید عالم نے وفد کو بتایا کہ پائیدار ترقی کے اہداف جو 2015 میں اقوام متحدہ کی جانب سے وضع کیے گئے، 17 عالمی مقاصد ہیں، جن کا مقصد دنیا میں پائیدار، منصفانہ اور پرامن ترقی کو فروغ دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ صرف پائیدار ترقی کے حصول کے بارے میں نہیں بلکہ اس بات کو یقینی بنانے کے بارے میں ہیں کہ تمام ممالک چاہے ان کا حجم یا معاشی حیثیت کچھ بھی ہو، کے پاس اپنے عوام کی فلاح و بہبود اور ماحولیاتی تحفظ کے لئے ذرائع ہونے چاہئے۔

انہوں نے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر فوری اور مشترکہ کارروائی کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ موسمیاتی خطرات کو کم کرنے کے لیے عالمی برادری کو فوری اقدامات کرنے ہوں گے۔ رومینہ خورشید عالم نے کہا کہ پاکستان اور جنوبی سوڈان دونوں موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے انتہائی حساس ہیں اور دونوں ممالک پانی کی کمی، شدید موسمی حالات، زرعی مسائل اور حیاتیاتی تنوع کے نقصان جیسے چیلنجز کا سامنا کر رہے ہیں۔

انہوں نے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے کے لیے مشترکہ اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ جنوبی سوڈان کے نائب سپیکر نیتھانیل اویٹ پییرینو نے موسمیاتی کارروائی اور پائیدار ترقی کے شعبوں میں تعاون کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک عالمی تجربات سے سیکھنے کا خواہشمند ہے۔

رومینہ خورشید عالم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی اور پائیدار ترقی کے چیلنجز سے نمٹنے میں اپنے عالمی شراکت داروں کی مکمل حمایت پر یقین رکھتا ہے۔