اسلام آباد۔5فروری (اے پی پی):وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم نے بھارت کے غیرقانونی زیرتسلط جموں و کشمیر کے عوام کی حق خود ارادیت، انصاف اور انسانی حقوق کے لیے دیرینہ جدوجہد میں غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یوم یکجہتی کشمیر نہ صرف بھارتی قبضے کے تحت کشمیری عوام کو درپیش جاری مظالم کی یاد دہانی کے طور پر منایا جاتا ہے بلکہ ان کے مقصد کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کرنے کا ایک اہم موقع بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے، وہ اپنے ناقابل تنسیخ حقوق کے لیے پرامن جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔رومینہ خورشید عالم نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر ایک اہم موقع ہے جو کشمیری عوام کی حالت زار کو اجاگر کرتا ہے جبکہ عالمی برادری سے کشمیریوں کے آزادی، وقار اور انصاف کے حقوق کو برقرار رکھنے کا بھی مطالبہ کرتا ہے۔
انہوں نے عالمی برادری کو کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے مطالبات کو تسلیم کرنے کی اپنی ذمہ داریوں کو یاد دلایا جیسا کہ بین الاقوامی قانون بالخصوص اقوام متحدہ کی کشمیر سے متعلق قراردادوں میں درج ہے۔کشمیری عوام نے کئی سالوں میں بے پناہ مصائب برداشت کیے ہیں۔ رومینہ خورشید عالم نے کہا کہ پاکستان کشمیر یوں کے حقوق کی حمایت کرتا رہے گا،ہم کشمیری عوام کی غیر متزلزل لچک اور حوصلے کو سلام پیش کرتے ہیں، جو سنگین مشکلات کے باوجود اپنے حق خودارادیت کے لیے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔
پاکستان ہر بین الاقوامی فورم پر اپنی آواز بلند کرتا رہے گا، دنیا انصاف اور امن کے لیے ان کی جدوجہد کو نظر انداز نہ کرے۔رومینہ خورشید عالم نے کہا کہ پاکستانیوں اور کشمیریوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہر پاکستانی انصاف اور حق خودارادیت کی جدوجہد میں کشمیری عوام کے ساتھ متحد ہے، یہ یکجہتی کشمیریوں کی آزادی، وقار اور امن کے حصول میں ان کی حمایت کرنے اور ان کے جائز حقوق کے مکمل حصول تک بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر اپنی آواز بلند کرنے کے پاکستانی عوام کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتی ہے۔