وزیر اعظم کے آئی ایم ایف شرائط پوری کرنے کے عزم کو سراہتے ہیں، آئی ایم ایف قرضہ سے مارکیٹ میں بے چینی، ڈیفالٹ کی افواہوں کا خاتمہ ہو گا، عاطف اکرام شیخ

119
وزیر اعظم کے آئی ایم ایف شرائط پوری کرنے کے عزم کو سراہتے ہیں، آئی ایم ایف قرضہ سے مارکیٹ میں بے چینی، ڈیفالٹ کی افواہوں کا خاتمہ ہو گا، عاطف اکرام شیخ

اسلام آباد۔8جنوری (اے پی پی):ایف پی سی سی آئی کے سابق نائب صدر عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ کاروباری برادری وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے آئی ایم ایف شرائط پوری کرنے کے عزم کو سراہتے ہیں۔آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی سے سے مارکیٹ میں بے چینی ملک کے ڈیفالٹ کی افواہوں کا خاتمہ ہوجائے گا۔

عاطف اکرام شیخ جوپی وی ایم اے کے سابق چیئرمین بھی ہیں نے کہا کہ وزیراعظم نے آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کو یقین دہانی کروا دی ہے کہ انکی شرائط پوری کی جائیں گی ۔ اس کے علاوہ انھیں پاکستان کی معاشی مشکلات اور تباہ کن سیلاب کے بارے میں بتایا۔ آئی ایم ایف کا وفد پاکستان آ رہا ہے جو کہ ایک اچھی خبر بھی ہے جو سرمایہ کاروں اور عوام میں پائے جانے والے خوف کو دور کرے گی کیونکہ کچھ عناصر ڈیفالٹ کی افواہیں پھیلانے میں مصروف ہیں۔ پاکستان نے 2019 میں آئی ایم ایف سے 6 ارب ڈالر کے قرضے کا معاہدہ کیا تھا جسے گزشتہ سال بڑھا کر 7 بلین ڈالر کردیا گیا تھا۔

پروگرام کے نویں جائزے کی کامیابی کی صورت میں پاکستان کو 1.18 بلین ڈالر کا قرضہ مل جائے گا۔ آئی ایم ایف کا جائزہ اس سے قبل دو ماہ کے لیے ملتوی کر دیا گیا تھا کیونکہ حکومت کی جانب سے فنڈ کی بعض شرائط کو تسلیم نہیں کیا جا رہا تھا۔