اسلام آباد۔23اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے آزاد جموں و کشمیر کے 75 ویں یوم تاسیس کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ آج سے 75 سال قبل کشمیری عوام نے زبردست جدوجہد اور لازوال قربانیوں کی بدولت آزاد جموں و کشمیر حکومت کی بنیاد رکھ کر یہ ثابت کیا کہ وہ ہر قیمت پر بھارت کے تسلط سے آزادی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کا یہ سفر آج بھی جاری ہے اور آج کا دن ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ غیور کشمیری اپنے حق خودارادیت کے حصول کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔
قمر زمان کائرہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کا بچہ بچہ اپنے آباؤ اجداد کی طرح حق خودارادیت کے جذبے سے سر شار اور پر عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری خواتین سے زیادتی ، پیلٹ گن کے استعمال ، ماورائے عدالت قتل جیسے بھارتی ریاستی دہشت گری کے ہتھکنڈے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو شکست دینے میں ناکام ہو چکے ہیں ،انہوں نے کہا کہ 05 اگست 2019 کے غیرقانونی اقدامات سے بھارت نے اسرائیل طرز پر مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کرنے کی کوشش کی ہے اور اس ضمن میں لاکھوں غیرریاستی باشندوں کو ڈومیسائل اشو کیے جو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور چوتھے جینیوا کنونشن کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
قمر زمان کائرہ نے کہا کہ بھارت کو یہ جان لینا چاہیے کہ کسی قسم کی ریاستی دہشت گری کشمیریوں کے عزم کو شکست نہیں دے سکتی اور کشمیری تمام تر حالات میں بھارت سے اپنا حق خودارادیت چھین کر رہیں گے، مشیر امور کشمیر نے کہا کہ پاکستان کی حکومت مسئلہ کشمیر کو دنیا کے تمام فورمز پر بھرپور انداز سے اجاگر کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے دنیا کے ہر فورم پر کشمیروں کے حقوق کی آواز پر زور انداز سے بلند کی ہے ، مشیر امور کشمیر نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان تمام تر حالات میں اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا-