وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت، ٹیکسٹائل، صنعت و پیداوار عبد الرزاق داﺅد کا ”لیڈرز ان اسلام اباد سمٹ“ سے خطاب

197

اسلام آباد ۔ 13 مارچ (اے پی پی) وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت، ٹیکسٹائل، صنعت و پیداوار عبد الرزاق داﺅد نے کہا ہے کہ حکومت چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہی ہے، صنعتوں کی ترقی کے لئے کارپوریٹ سیکٹر کو منظم کرنا ہو گا، پاکستان میں کارپوریٹ کلچر کا فروغ ناگزیر ہے کیونکہ کارپوریٹ سیکٹر چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کو بہتر استعمال کرسکتا ہے۔ بدھ کو لیڈرز ان اسلام آباد سمٹ سے خطاب کے دوران عبد الرزاق داﺅد نے کہا کہ ترقی کی راہ میں بنیادی رکاوٹ امپورٹ کلچر ہے، اس نے صنعتی شعبے کو تباہ کیا اور ایکسپورٹ کلچر کو نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں برآمدات کی تیاری کے شعبے کو نئے سرے سے ترتیب دے رہے ہیں، ہمیں درآمدات کو کم کر کے برآمدات کو بڑھانے پر توجہ دینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کےلئے وزارت خزانہ اور وزارت تجارت کو باہمی تعاون بڑھانا ہوگا، ملک میں 37 ہزار چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتیں بحران کا شکار ہیںحکومت یہ بحران ختم کرنے کیلئے ایک سٹڈی کروارہی ہے۔ اس سٹڈی سے ملنے والی سفارشات پر عمل کیا جائے گا، ایسی صنعتوں کیلئے ڈیوٹی اور ٹیکس میں سہولت بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹی صنعتوں کو اپنے مال کی برآمد میں بھی سہولت درکار ہوتی ہے، یہ ایک حقیقت ہے کہ برآمدات میں اضافے کے لیے ایسی صنعتوں کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔