اسلام آباد ۔ 8 اکتوبر (اے پی پی) وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت، ٹیکسٹائل عبدالرزاق داﺅد کی زیر صدارت ڈرافٹ موبائل مینوفیکچرنگ پالیسی کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ اجلاس کاانعقاد وزارت صنعت و پیداوار کے ذیلی ادارے انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ ( ای ڈی بی) نے کیا تھا۔ وزیر اعظم کے مشیر عبدالرزاق داﺅد نے اس موقع پر کہا کہ ڈرافٹ پالیسی کا مقصد موبائل ڈیوائس مینوفیچکرنگ انڈسٹری کی ترقی اور فروغ ہے۔ پالیسی سے نئی سرمایہ کاری آئے گی اور الیکٹرونکس مصنوعات کی پیداوار میں اضافہ ہو گا، روزگار کے مواقع بڑھیں گے اور پاکستان مینوفیکچرز میں بھی شامل ہو سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس پالیسی سے مقامی مینوفیکچررز کو مراعات دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ پالیسی کا مقصد روزگار کے مواقع پیدا کرنا، ٹیکنالوجی ٹرانسفر کے ذریعے درآمدات کا بدل کا پیدا کرکے مقامی صنعت کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھے گی۔ انہوں نے ملکی اور غیر ملکی کمپنیوں پر زور دیاکہ وہ اس شعبے میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کریں اور فوائد حاصل کریں۔ خصوصاً خصوصی اقتصادی زون میں سرمایہ کاری کے بڑھتے ہوئے مواقع سے فائدہ اٹھائیں جہاں پر حکومت مختلف مراعات دے رہی ہے۔