وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت‘ صنعت و پیداوار‘ ٹیکسٹائل و سرمایہ کاری عبدالرزاق داﺅد کاپٹاک کے زیر اہتمام منعقدہ کانفرنس سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو

203
APP09-30 LAHORE: March 30 - Advisor to the PM on Commerce, Textile, Industries & Production and Investments, Abdul Razak Dawood talking to media at PITAC, Lahore. APP

لاہور۔30مارچ(اے پی پی )وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت‘ صنعت و پیداوار‘ ٹیکسٹائل و سرمایہ کاری عبدالرزاق داﺅد نے کہا ہے کہ حکومت کی موثر پالےسےوں کی بدولت تجارتی خسارے میں کمی کے ساتھ ادائیگیوں کے توازن میں مثبت تبدیلیاں رونما ہوئیں،ملک مےں کاروباری و تجارتی رجحانات کو فروغ دینے کی غرض سے طویل المدتی پالیسیاں تشکیل دینے کی ضرورت ہے، وہ ہفتہ کے روز یہاں وفاقی وزارت صنعت و پیداوار کے زیر انتظام چلنے والے ادارے پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹیکنیکل اسسٹنس سنٹر (پٹاک) کے زیر اہتمام تجارت کے فروغ کیلئے منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے، اس موقع پر مشیر پٹاک ڈاکٹر حسنین جاوید، ایگزیکٹو ڈائریکٹر بیلٹ اینڈ روڈ انٹرپرائزز چائنہ یونیورسٹی ڈاکٹر ڈرگانا اوسٹک،ڈائریکٹر جنرل پٹاک انجینئر محمد عرفان ظہیر، سینیٹر ولید اقبال، ریکٹر یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر محمد اسلم، پروریکٹر یو سی پی پروفیسر ناظم الدین، پروفیسر سجاد نصیر سمیت ملکی و غیر ملکی شخصیات بھی موجود تھیں۔ عبدالرزاق داﺅدنے کہا کہ اگر کوئی فرد کاروبار میں نقصان اٹھاتا ہے اور ایک سے زائد مرتبہ کاروبار میں ناکام ہو جاتا ہے توپھر بھی اسے گھبرانانہیں چاہیے بلکہ اپنے مقصد کے حصول کیلئے جدوجہد جاری رکھنی چاہئے جس کے بعد ایک وقت ایسا آئے گا کہ کامیابی اس کے قدم چومے گی، انہوں نے کہا کہ آگے بڑھنے اور ترقی کرنے کا حق ہر کسی کو حاصل ہے لیکن آ گے بڑھنے کیلئے طویل المدتی حکمت عملی پر مبنی سوچ کو اپنانا چاہئے کیونکہ ایک رات میں ترقی کی منازل حاصل کرنے کے خواہشمند افراد شارٹ کٹ کا طریقہ استعمال کرتے ہیں جس سے وہ زندگی میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے، انہوں نے کہا کہ حکومت کا یہ ویژن ہے کہ ملک میں کاروباری و تجارتی سرگرمیوں کو نہ صرف فروغ دیا جائے بلکہ کاروباری شعبہ کی حوصلہ افزائی کیلئے طویل المدتی اقدامات اور حکمت عملی متعین کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ آج امریکہ اور چین دنیا کی دو بڑی معیشتیں ہیںجنہوں نے یہ مقام اتنی آسانی سے حاصل نہیں کیا بلکہ وہ آہستہ آہستہ کامیابیوں کی طرف گامزن ہوئے اور اپنے ممالک میں صنعتی انقلاب برپا کرکے ترقی یافتہ ممالک بن کر ابھرے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی کھلاڑی ہو یا کاروباری فرد اس وقت تک کامیاب نہیں ہو سکتا جب تک اس کے پاس کوئی ویژن اور مستقبل کی حکمت عملی نہیں ہو گی۔ عبدالرزاق داﺅد نے نوجوانوں کو تکنیکی کورسز کے ذریعے اپنا کاروبار کرنے کی ترغیب دینے کے حوالے سے شروع کئے گئے پروگرام اور اقدامات کو بھرپور سراہا۔انہوں نے نوجوان کاروباری افراد سے مخاطب ہو کرکہا کہ کوئی بھی مرد ہو یا عورت اس کیلئے ملک میں کاروبار کرنے کے مساوی اور بھرپور مواقع موجود ہیں، اب یہ ان پر منحصر ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں اور حکمت عملی کو کس طرح استعمال کرتے ہیں، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالرزاق داﺅد کا کہنا تھا کہ جب پی ٹی آئی نے حکومت سنبھالی تو اس وقت ملک کے معاشی حالات بہت خراب تھے جن میں اب بہت بہتری آچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی خسارے میں کمی کے ساتھ ساتھ ادائیگیوں کے توازن میں بھی مثبت تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پٹاک کی جانب سے کئے جانیوالے اقدامات لائق تحسین ہیں تاہم اس میں ابھی بہتری کی بہت گنجائش موجود ہے، وزارت صنعت و پیداوار کے اداروں کی کارکردگی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اگر ادارے اپنی مینجمنٹ کو درست نہیں کرینگے تو انہیں ختم کر دیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ پٹاک کراچی کی کارکردگی متاثر کن ہے اور وہ امید کرتے ہیں کہ باقی شہروں میں بھی قائم ادارے ملک میں صنعتی انقلاب لانے اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرینگے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مشیر پٹاک ڈاکٹر حسنین جاوید نے کہا کہ کانفرنس کے انعقاد کا مقصد صنعت اور تعلیمی اداروں کے مابین فرق کو مٹانا اور شراکت داروں کو تیار کرنا ہے تاکہ صنعتی، تکنیکی اور کاروباری اداروں کی استعداد کو بڑھایا جاسکے اور پائیدار اقتصادی ترقی کے حصول کیلئے عوام کو شراکت دار بنایا۔ انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس کے انعقاد کیلئے نیوٹیک، یو ایم ٹی، یونائیٹڈ نیشن و دیگر اداروں کی تکنیکی معاونت بھی شامل ہے جس پر وہ ان کے بے حد شکرگزار ہیں،بعد ازاں وزیر اعظم کے مشیر عبدالرزاق داﺅد نے پٹاک آفس میں نوجوان کاروباری افراد کی جانب سے مقامی سطح پر تیار کی جانیوالی مصنوعات کے سٹالز کا بھی جائزہ لیا اور نوجوان کاروباری افراد کی حوصلہ افزائی کی۔