وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبد الرزاق داؤد کا کریم ہیڈکوارٹر کا دورہ‘ ٹیکنالوجی کے امکانات بارے تبادلہ خیال

97

کراچی۔12اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبد الرزاق داؤد نے دبئی ایکسپو 2020کے دورے کے موقع پر کریم ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ مشیر تجارت نے کریم کی سینئرقیادت سے ملاقات کی جس میں کریم کے شریک بانی اور سی ای او مدثر شیخ ، سینئر ڈائریکٹرکارپوریٹ افیئرز کولن جوڈ اور ڈائریکٹر گورنمنٹ ریلیشنز پاکستان فاطمہ اختر شامل تھیں۔ ملاقات کے دوران پاکستان کے چند سالوں میں سرمایہ کاری کے مرکز کے طور پر ابھرنےکے موضوع پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

کریم کی ٹیم نے مشیر تجارت اور ان کی ٹیم کو پاکستان اور مشرق وسطیٰ میں محفوظ، قابل اعتماد اور بھروسہ مند ترسیلی نظام بنانے کے اپنے سفر بارے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ کس طرح کریم پاکستان میں ٹیکنالوجی سٹارٹ اپ کو فروغ دینے اور اس کی نمو میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور ساتھ ہی اس نے تیزی سے ترقی کرنے والے برانڈ کے طور پر اپنی پوزیشن میں اضافہ کیا اور نئی سہولیات کی شمولیت سے ایک سپر ایپ بن گیا ہے۔

اس موقع پر وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبد الرزاق داؤد کا کہنا تھا کہ کریم ایک بہترین مثال ہے کہ پاکستان ایک ایسا ملک ہے جس میں ترقی کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے اور ٹیکنالوجی ان میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ کریم نے پاکستان میں طویل عرصہ محنت کے بعد جو اثرات مرتب کئے ہیں یہ دیکھ کر خوشی محسوس ہوئی۔ کریم کے شریک بانی اور سی ای او مدثر شیخ نے عبد الرزاق داؤد کو کریم کے ہیڈ آفس خوش آمدید کہا ۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں حکومت پاکستان کی جانب سے ٹیکنالوجی کی سرمایہ کاری کو آسان بنانے اور اس شعبے میں روزگار پیدا کرنے کے عزم کی یقین دہانی کرائی گئی ہے، مجھے یقین ہے کہ اس تمام ترقی سے یہ تسلیم کیا گیا ہے کہ ٹیکنالوجی ایک مثبت قوت ہے اور دنیا بھر میں لوگوں کی زندگیوں کو آسان بنانے میں لازمی جز ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں کریم نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی بیشتر قابل ذکر شخصیات کو اپنے ہیڈ کوارٹرز میں مدعو کیا تاکہ ممکنہ مواقع پر تبادلہ خیال کیا جاسکے اور ساتھ ہی کریم کے سفر اور اقدامات سے انہیں روشناس کرایا جاسکے۔ ان شخصیات میں معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز او رانسانی وسائل ذوالفقار بخاری اور صوبہ خیبر پختونخواہ کے وزیر خزانہ تیمور خان جھگڑا سرفہرست ہیں۔

واضح رہے کہ کریم ایک سپر ایپ میں تبدیل ہونے کے بعد متعدد مواقع پیش کرتا ہے ،یہ انسانی نقل و حرکت (رائیڈ ہیلنگ) ، چیزوں کی نقل و حرکت کے ساتھ اشیائے خوردونوش، کھانے کے آرڈر، آپس میں کریڈٹ کا تبادلہ، اور موبائل ٹاپ اپس کے ساتھ کورونا ویکسی نیشن سینٹر تک سفری سہولت فراہم کررہا ہے۔