وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت کی ٹیکسٹائل نمائش کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو

187
APP26-11 LAHORE: April 11 – Adviser to PM for Commerce, Textile Industry & Production and Investment Abdul Razak Dawood talking to media persons during TEXPO at Expo Center. APP photo by Tabasam Naveed

لاہور۔11 اپریل(اے پی پی )وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت ،سرمایہ کاری،ٹیکسٹائل و پیداوار عبد الرزاق داﺅد نے کہا ہے کہ ملک میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کے فروغ کیلئے ٹیکسٹائل پالیسی تیار کی جا رہی ہے جسے رواں ماہ کے آخر تک حتمی شکل دے دی جائے گی،گزشتہ سال جولائی سے اب تک برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا،گزشتہ ماہ مارچ میں ایکسپورٹ کے حجم میں ہونےوالی کمی کی وجوہات کا تعین کیا جا رہا ہے،امید ہے کہ رواں ماہ چین کے ساتھ ایف ٹی اے پر دستخط ہو جائیں گے، ملک میں ایس ایم ایز کے فروغ کیلئے سپلائی چین درست کرنے کی ضرورت ہے۔ وہ جمعرات کے روز ایکسپو سنٹر لاہور میں ٹریڈ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے زیر اہتمام دوسری بین الاقوامی ٹیکسٹائل نمائش کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ عبد الرزاق داﺅد نے کہا کہ پاکستان میں ٹیکسٹائل پر دوسری بین الاقوامی نمائش کا انعقاد خوش آئند ہے جس میں حصہ لینے والے ملکی و غیر ملکی مندوبین اور سرمایہ کاروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں برآمدات کے فروغ کیلئے ایسی نمائشوں کا انعقاد ضروری ہے کےونکہ برآمدات بڑھیں گی تو پاکستان ترقی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ نمائش میں غیر ملکی مندوبین اور سرمایہ کاروں سے ملاقات میں یہ بات سامنے آئی کہ پاکستانی مصنوعات کا اگر بنگلہ دیش، ویت نام اور کمبوڈیا سے مقابلہ کیا جائے تو پاکستان اس وقت ویت نام کے برابر آ گیا ہے، توقع ہے کہ آئندہ 2 سال تک پاکستان کی برآمدات مزید بڑھیں گی۔ انکا کہنا تھا کہ سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز انڈسٹریز کیلئے جو سہولیات ہونی چاہئیں وہ پاکستان میں ابھی نہیں ہیں تاہم ایس ایم ایز کیلئے سپلائی چین درست کرنے کی ضرورت ہے، حکومت اس مقصد کیلئے ویلیو ایڈیشن کی طرف خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ مشیر وزیراعظم نے کہا کہ رواں ماہ کے آخر میں وزیراعظم پاکستان کے چین کے متوقع دورہ کے دوران ایف ٹی اے پر دستخط ہو جائیں گے۔ عبد الرزاق داﺅد نے کہا کہ چین سے کہیں گے کہ آسیان ممالک کو جن مصنوعات تک رسائی دے رہا ہے وہ پاکستان کو بھی دے، انڈونیشیا نے پاکستان کو ڈیوٹی فری رسائی دے دی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بلا شبہ ملک میں مہنگائی بڑھی ہے لیکن گزشتہ چند ماہ میں تاجروں کو ریکارڈ برآمدی آرڈرز ملنا معیشت کیلئے اچھا شگون ہے۔ مشیر نے کہا کہ ان کے دورہ فیصل آبادکے موقع پر تاجر برادری کا کہنا تھا کہ انہیں گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال مارچ تک زیادہ آرڈر ملے جو کہ حوصلہ افزا بات ہے۔ انکا کہنا تھا کہ گزشتہ ماہ مارچ میں ہمارے برآمداتی حجم میں کمی آئی جس کی وجوہات کا تعین کیا جا رہا ہے،امید ہے کہ آئندہ 6 ماہ میں حالات مزید ٹھیک ہوں گے۔