اسلام آباد ۔ 16 جون (اے پی پی) وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ، محصولات و اقتصادی امور ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ملک میں معاشی استحکام کے لئے مالیاتی اور کرنٹ اکاﺅنٹ خسارہ پر قابو پانے کی خواہاں ہے، یہ دونوں خسارے حکومت کے لئے ایک بڑا چیلنج ہیں جن پر معاشی استحکام کی پالیسیوں پر عمل پیرا ہوکر اور ملکی اقتصادی ترقی کو بڑھوتری پر گامزن کر کے قابو پانے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاﺅنٹنٹس آف پاکستان(آئی سی اے پی)کے زیر اہتمام پوسٹ بجٹ”پاکستان بیک آن ٹریک“ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں سابقہ حکومت سے 2 کھرب30ارب کا مالیاتی خسارہ اور برآمدات پر صفر نمو ملی جبکہ مختلف ذرائع سے 31 ہزار ارب کے قرضوں کا بوجھ بھی ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو 20 ارب ڈالر کا کرنٹ اکاﺅنٹ خسارہ جبکہ 2 ہزار ارب کے خسارے ورثے میں ملے جس کے لئے غیر ملکی قرضوں پر ڈیبٹ سروسنگ بھی درکار تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس نازک صورتحال میںہم اقتصادی بحالی اور پائیدار ترقی کے لئے مجموعی بڑھوتی کی جانب بڑھنا چاہتے ہیں۔