
اسلام آباد ۔ 04 مارچ (اے پی پی) وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر مفتاح اسماعیل کی زیر صدارت بجٹ2018-19کی تیاریوں کے حوالے سے اجلاس ہوا ۔جس میں وزارت خزانہ بجٹ ونگ کے سینئر حکام نے بھی شرکت کی، ایڈیشنل سیکرٹری بجٹ نے بجٹ کی تیاریوں سے متعلق بریفنگ دی،وزیر اعظم کے مشیر نے ہدایت دی کہ بجٹ سرگرمیوں کو ترجیح دی جائے اور ٹائم لائنز پر مکمل طور پر عمل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) حکومت کی گزشتہ 4سال کی روایات کو مد نظر رکھتے ہوئے تمام فریقین بالخصوص کاروباری برادری اور ایوان ہائے صنعت و تجارت سے حاصل ہونے والی تمام تجاویز کو جائز اہمیت دی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ بجٹ اقتصادی ترقی، ٹیکس بیس اور ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے جبکہ معشیت کے تمام شعبوں میں بہتری کے لئے اقدامات سیمت حکومتی کوششوں کا عکاس ہوگا۔