وزیر اعظم کے مشیر برائے ماحولیات ملک امین اسلم کی پریس کلب تحصیل حسن ابدال میں پریس کانفرنس

107

حسن ابدال۔ 5 جنوری (اے پی پی) وزیر اعظم کے مشیر برائے ماحولیات ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ کراچی میں گورنر راج لگانے کا کوئی ارادہ نہیں ، اس حوالے سے صرف اخباری خبریں ہیں، پیپلز پارٹی کی اکثریت کو تسلیم کرتے ہیں مگر نیب زدہ وزیر اعلیٰ کی تبدیلی کا مطالبہ اصولوں پر کیا جا رہا ہے، زرداری اور نواز گٹھ جوڑ سے ہمیں کوئی خطرہ نہیں اور نہ کسی کے دباو میں آئیں گے۔این آر او کے خواب دیکھنے والے جان لیں عمران خان اور ان کی حکومت کسی کے ساتھ رعایت نہیں کریں گے۔عوام تھوڑا صبر سے کام لیں ہماری معاشی پالیسیوں کے ثمرات سامنے آنے میں تھوڑا وقت لگے گا جس کے بعد ان کی زندگیوں میں آسانیاں آ جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم کے مشیر برائے ماحولیات ملک امین اسلم نے پریس کلب تحصیل حسن ابدال میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہاکہ ہم کرپشن کے خلاف جہادکے نام پر ووٹ لے کر حکومت میں آئے تھے اور عمران خان نے واضع کر دیا ہے کہ وہ کسی کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے اور نہ کسی کو این آر او دیا جا ئے گا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں کی گئی لوٹ مار نے ملکی معیشت کو بدحال کر رکھا ہے مگر ہم نے اسے سنبھالا دینے کے لیے دوست ممالک کے پاس جانے کا فیصلہ کیا اور عوام پر قرضوں میں مذید بوجھ نہیں پڑنے دیا۔ ایم آئی ایف کے پاس جانا موجودہ حکومت کا آخری آپشن ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ گرین پاکستان کے تحت ملک بھر میں درخت لگانے اور ماحول کو صاف ستھرا کرنے کے لیے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے ۔ملک امین اسلم نے کہا کہ کراچی میں گورنر راج کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے اور نہ ہم ایسا سوچ رہے ہیں مگر وہاں نیب زدہ وزیر اعلیٰ کی تبدیلی کا ہمارا مطالبہ جائز ہے ۔پیپلز پارٹی کو چاہیے کہ وہ خود وہاں وزیر اعلیٰ تبدیل کر کے جمہوری عمل کو مضبوط بنائے۔انہوں نے کہا کہ نئے بلدیاتی نظام پر کام مکمل کیا جا چکا ہے اور جلد اس کے ذریعے عوامی نمائندے منتخب کر کے فنڈز کو نچلی سطح پر منتقل کر دیا جائے گا تا کہ گاوں اور علاقے کی سطح پر عوام کے مسائل حل کیے جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس ریفارمز پر بھی کام جاری ہے اور ہماری کوشش ہے کہ پولیس کے محکمے کو اوپر سے نیچے تک درست کیا جا سکے تا کہ عوام دوست پولیسنگ کے عمل کو یقینی بنایا جا سکے۔ملک امین اسلم نے صاف پانی کے مسائل کے حوالے سے کہا کہ گندے پانی کو صاف بنانے کے لیے ملک بھی میں پلانٹس لگانے پر بھی کام کیا جا رہا ہے ہماری کوشش ہے کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے جبکہ کرپشن کا خاتمہ بھی ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے حسن ابدال میں سیوریج سسٹم۔ریسکیو 1122 اور سپورٹس کمپلیکس سمیت سابقہ حکومت کی جانب سے شروع کیے گئے منصوبوں کو بھی جلد مکمل کرانے کی یقین دہانی کرائی۔ملک امین اسلم نے میجر طاہر صادق کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پارٹی کے ساتھ غداری کرنے والے بے نقاب ہو چکے ہیں اور عوام ان کے اصلیت جان چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع اٹک کی سیاست پی ٹی آئی کے چاہنے والوں کی ہے اور آنے والے بلدیاتی انتخابات میں واضع ہو جائے گا کہ ضلع اٹک کے عوام عمران خان کے ویژن کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ بعدازاں ملک امین اسلم معروف کاروباری اور سیاسی شخصیت راجہ عامر علی کی رہائش گاہ پر بھی گئے جہاں ان کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا تھا جس میں انجمن تاجراں۔اتحاد شہر گروپ کے نمائندوں۔شعبہ تعلیم اور وکلاءبرادری کے نمائندوں سمیت بڑی تعداد میں مقامی سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔