وزیر اعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم سے امریکی کانگریس کے وفد کی ملاقات

110

اسلام آباد ۔ 7 اکتوبر (اے پی پی)وزیر اعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم سے امریکی کانگریس کے وفد نے پیر کو یہاں وزارت موسمیاتی تبدیلی میں ملاقات کی۔ وفد میں سینیٹر کرس وین ہولین اور خاتون سینیٹر میگی حسن شامل تھیں۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم کے مشیر نے امریکی وفد کو وزیر اعظم عمران خان کی ہدایات پر شروع کیے گئے ماحولیاتی اور موسمیاتی تبدیلی کے مختلف پروگراموں کے متعلق بریفنگ دی۔ ملاقات کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ملک امین اسلم نے بتایا کہ وزارت موسمیاتی تبدیلی نے الیکٹرک وہیکل پالیسی، دس بلین ٹری سونامی پروگرام، کلین گرین پاکستان پروگرام، پلاسٹک بیگ پابندی، پائیدار شہری ترقی، پائیدار اور ماحول دوست تعمیرات کو فروغ دینے کے لیے پاکستان بلڈنگ کوڈ جیسے پالیسی اقدامات کے بارے میں امریکی وفد کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کی مدد سے پاکستان کو درپیش موسمیاتی اور ماحولیاتی خطرات سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔ امریکی وفد نے موجودہ حکومت کے ان منصوبوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ امریکی حکومت کو پاکستان کے ان اہم منصوبوں کو سپورٹ کرنے اور ان کے لیے مالی و تکنیکی مدد فراہم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔ ملاقات کے دوران امریکی کانگریس کے وفد نے کہا کہ انہیں آزاد کشمیر جانے کا بھی موقع ملا اور انہوں نے زمینی حقائق کا بغور جائزہ لیا۔ تاہم ان کو بھارت کی حکومت نے مقبوضہ کشمیر جانے کی اجازت نہیں دی جو افسوس ناک ہے اور کئی سوالات کو جنم دیتی ہے۔ وفد نے کہا کہ وزیر اعظم عمران کی جانب سے اقوام متحدہ کے حال ہی میں منعقد ہونے والے اجلاس میں اپنی تقریر کے دوران کشمیر پر بات کرنے سے مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر مزید اجاگر ہوا اور دنیا کو افسوسناک حالات کے بارے میں آگاہی ہوئی۔