وزیر اعظم کے مشیر برائے کامرس، ٹیکسٹائل، صنعت و پیداوارا ور سرمایہ کاری عبدالرزاق داﺅد کا تقریب سے خطاب

150
APP82-20 FAISALABAD: March 20 - Adviser to PM for Commerce, Textile Industry & Production and Investment Abdul Razak Dawood addressing a meeting at Garments City. APP photo by Tasawar Abbas

فیصل آباد ۔ 20 مارچ (اے پی پی) وزیر اعظم کے مشیر برائے کامرس، ٹیکسٹائل، صنعت و پیداوارا ور سرمایہ کاری عبدالرزاق داﺅد نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت خواتین کوبااختیار بنانے کے ساتھ ساتھ انہیں قومی دھارے میں شامل کرنے کےلئے بھرپور کوشش کررہی ہے تاکہ وہ بھی ملکی ترقی میں نمایاں کردار ادا کرسکیں۔ فیصل آباد گارمنٹس سٹی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت جن مشکلات کا سامنا ہے ان میں سے ایک خواتین کو تعمیرو ترقی سے دوررکھنا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت خواتین کی فلاح وبہبود کے منصوبے شروع کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں جدید علوم اور ہنر سے آراستہ کرنے کا بھی بندوبست کررہی ہے تاکہ وہ نہ صرف اپنے لئے باعزت روزگار حاصل کریں بلکہ وہ معاشرے میں بہتری لانے میں بھی کلیدی کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ مجھے اس بات کا قوی یقین ہے کہ اگر ہم خواتین کو قومی دھارے میں شامل کرلیں تو ہماری تعمیرو ترقی کی رفتار دوگنا ہوجائے گی۔ اس لئے حکومت نے خواتین کو زندگی کی تمام تر سہولتیں ان کے گھروں کی دہلیز پر مہیاکرنے کی منصوبہ بندی کررکھی ہے۔ تاہم اس سلسلہ میں مرد حضرات کو بھی اپنے رویے میں تبدیلی لانا پڑے گی تاکہ خواتین میں اعتماد کی فضا بحال ہو۔ اس سلسلہ میں انہوں نے مختلف شعبہ جات میں تعاون کرنے پر جاپانی کمپنی جائیکا کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں بھی خواتین کیلئے خصوصی پروگرام جاری کرنے میں مدد کرے گی۔ جاپانی سفیر کونینوری مسٹودا نے کہا کہ پاکستان میں ذہین اور محنتی خواتین کی کمی نہیں۔ ان کی حکومت ٹیکسٹائل، زراعت، تعلیم، صحت اوردیگر شعبوں میں پاکستان کی مدد جاری رکھے گی تاکہ ان شعبہ جات میں ہنرمند خواتین کی افرادی قوت تیار کی جاسکے۔اس موقع پر وزیر اعظم کے مشیر عبدالرزاق داﺅد نے جاپانی سفیر کے ساتھ مل کر فیصل آباد گارمنٹس سٹی میں خواتین کیلئے ایک خصوصی تربیتی مرکز کا افتتاح کیا۔ بعد ازاںوزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی برآمد کنندگان کوسبسڈیوں پر انحصار کرنے کی بجائے اپنی استعداد کار بڑھانی چاہیے تاکہ وہ بین الاقوامی منڈیوں میں مقابلہ کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے معیشت بدحالی کا شکار ہوگئی۔ تاہم موجودہ حکومت اس کی بحالی کیلئے دور اندیشانہ اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ فری ٹریڈ ایگریمنٹ کیلئے فریم ورک مکمل کیا جارہا ہے اور یہ ایف ٹی اے پاکستانی کی معیشت کو مضبوط بنانے میں بہت مددگار ہوگا۔