وزیر اعظم کے مشیر علی نواز اعوان کا تقریب سے خطاب

108

اسلام آباد ۔ 28 مارچ (اے پی پی) وزیر اعظم کے مشیر اور اسلام آباد سے رکن قومی اسمبلی علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی کے لئے اچھی تعلیم اور صحت کی سہولیات بنیادی حیثیت رکھتی ہیں، ہمارے ملک میں ان دونوں چیزوں کی کمی ہے، موجودہ حکومت عوام کو تعلیم اور صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد ماڈل کالج برائے طلباءF-10/4 میں ہفتہ طلباءکے آخری روز تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہم سب کے لئے لمحہ فکریہ ہے کہ اسلام آباد میں 423 تعلیمی ادارے ہیں جن میں اساتذہ کی شدید کمی ہے جس کی وجہ سے نتائج بھی متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نجی تعلیمی اداروں میں اڑھائی لاکھ اور سرکاری اداروں میں سوا لاکھ بچے زیر تعلیم ہیں جس پر ہمیں غور فکر کرنے کی ضرورت ہے کہ سرکاری اداروں میں تعداد کم کیوں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ طلباءطالبات کی تعلیم کے ساتھ بہترین کردار سازی بھی کریں کیونکہ پرانی روایات کو دوبارہ قائم کرنا پڑے گا۔ علی نواز اعوان نے کہا کہ حکومت تعلیمی نصاب کا بھی ازسر نو جائزہ لے رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئی سی ٹی میں تعلیمی نظام دوبارہ بہتر ہوجائے گا۔ اس موقع پر قائد اعظم یونیورسٹی کے ڈین سید وقار علی شاہ نے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیں کالج کے پرنسپل پروفیسر قاسم مسعود نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کالج کی بہتری کے لئے کئے گے کاموں پر تفصیل سے رو شنی ڈالی۔ اس موقع پر انہوں نے اساتذہ کو درپیش مسائل کو حل کرنے پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی نظامت تعلیمات کو ایڈہاک سسٹم پر چلانے کی بجائے اس میں مستقل ڈی جی کی تعیناتی کی جائے۔ بعد ازاں طلباءمیں انعامات تقسیم کئے گئے۔