
کراچی ۔ 10 مارچ (اے پی پی) وزیر اعظم کے مشیر برائے مالیات، محصولات اور اقتصادی امور ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ ہمارے لئے فخر کی بات ہے کہ ہمارے قومی ادارے منافع کما کر ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، قومی اداروں کی سربراہی اچھے ایماندار اور ماہر لوگوں کو دی جائے تو وہ اداروں کو کارآمد اور منافع بخش بنا دیتے ہیں اور ان کی بنائی ہوئی مصنوعات قابل فخر اور معیاری ہوتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز کراچی شپ یارڈ میں پاکستان کسٹمز کے لئے تیار کی جانے والی 2 ایف آر پی بوٹس کی حوالگی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں نیدرلینڈ کی سفیر، سرکار، پاکستان کسٹمز، نجی اداروں اور شپ یارڈ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے کہا کہ 2013ءمیں جب پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت آئی تو اس وقت کافی مشکلات کا سامنا تھا لیکن ہماری حکومت کی پالیسیوں اور ہماری لیڈر شپ کے وژن نے پاکستان کو بڑے بڑے بحرانوں سے نکالا۔ انہوں نے کہا کہ جب ہماری حکومت آئی تھی اس وقت ملک میں بجلی کا بحران تھا، سڑکیں ٹوٹی پھوٹی تھیں ہم نے توانائی بحران کا خاتمہ کیا اور ملک کو آگے لے جانے میں کامیاب ہوئے۔