وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی ہارون اختر خان سے روسی وفد کی ملاقات

8
meets Haroon Akhtar Khan
meets Haroon Akhtar Khan

اسلام آباد۔30جون (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان سے روسی وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وفد کی قیادت ڈینس نزاروف نے کی۔ ملاقات میں دوطرفہ اقتصادی تعاون کے فروغ، پاکستان سٹیل ملز کی بحالی، اور صنعتی شعبے میں سرمایہ کاری کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔معاونِ خصوصی ہارون اختر خان 5 جولائی 2025 کو ایک اعلیٰ سطحی پاکستانی وفد کی قیادت کرتے ہوئے روس روانہ ہوں گے۔

اس دورے کا مقصد روسی سرمایہ کاروں کے ساتھ اسٹریٹجک سطح پر مشاورت، براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) کے مواقع کی تلاش، اور پاکستان سٹیل ملز کی بحالی کے لیے تکنیکی تعاون پر بات چیت ہے۔روس میں قیام کے دوران، ہارون اختر خان معروف روسی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں کریں گے تاکہ پاکستان میں صنعتی ترقی، بنیادی ڈھانچے اور دیگر اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکے۔

معاونِ خصوصی ہارون اختر خان نے کہاکہ روس کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں، خاص طور پر صنعتی ترقی اور بنیادی ڈھانچے کے شعبے میں امکانات بڑھانے ہیں،یہ دورہ حکومتِ پاکستان کی قومی اداروں کی بحالی اور بین الاقوامی سٹریٹجک شراکت داری کے فروغ کے عزم کی عکاسی کرتا ہے، جو پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔