اسلام آباد ۔ 16 نومبر (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں اور اصلاحات کی وجہ سے معیشت تیزی سے ترقی کر رہی ہے، آئندہ عام انتخابات تک شرح نمو کو چھ فیصد تک پہنچائیں گے، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں شفافیت بڑھ گئی ہے ، حکومت ٹیکس نیٹ بڑھانے کی ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے جس کے لئے کاروباری برادری کا تعاون درکار ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ایف پی سی سی آئی کیپیٹل ہاﺅس کی نئی عمارت میں کاروباری برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چئیرمین ایف بی آر نثار محمد خان، دیگر اعلیٰ حکام، ایف پی سی سی آئی کے صدر عبدالرﺅف عالم اور تاجر رہنما بھی موجود تھے۔ ہارون اختر خان نے کہا کہ ٹیکس چوری کے بہت واقعات ہو رہے ہیں مگر ہم صرف ان لوگوں کے خلاف کاروائی کرتے ہیں جو حد سے گزر جائیں۔ جوشخص یا ادارہ ٹیکس چوری پر گرفت میں آنے کے بعد بھی ٹیکس ادا کرنے کیلئے تیار ہو جائے اسے گرفتار نہیں کیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اب بھی پراپرٹی کی ایک چوتھائی ویلیو پر ٹیکس لے رہی ہے جبکہ دیگر بہت سے شعبوں کو مراعات دی گئی ہیں ، کم شرح سود کی وجہ سے نجی شعبہ پہلے سے دگنے قرضے لے رہا ہے جبکہ دیگر اقدامات کی وجہ سے پاکستانی معیشت ترقی کر رہی ہے جسکی گواہی کئی بین الاقوامی ادارے دے رہے ہیں۔