کوئٹہ ۔ 15 اپریل (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی اور تحریک انصاف کے صوبائی صدربلوچستان سردار یار محمد رندکوئٹہ بلوچستان میں ڈیموں کی تعمیر ناگزیر ہے، سیلابی پانی کو زخیرہ کرنے کیلئے وزارت پانی وبجلی سے بات کروں گا، ہزار گنجی واقعہ دشمنوں کی کارستانی ہے ۔ تحریک انصاف بلوچستان میں کوئی دھڑے بندی نہیں۔ ارکان اسمبلی اور وزراءپارٹی فیصلوں کی پابند ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کوجمعیت علماءاسلام کے رہنما سردار عبید ترین کی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر کوئٹہ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سردار زین العابدین خلجی، نوابزادہ شریف جوگیزئی ودیگر بھی موجود تھے۔ سردار یار محمد رند نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کے وزیر اعلیٰ اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ تحریک انصاف کے جو ارکان اسمبلی پارٹی فیصلوں کی پابندی نہ کریں گے وہ جوابدہ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ مغربی بائی پاس دھرنا ختم کرانا صوبائی حکومت کہ ذمہ داری ہے،ہزار گنجی واقعہ میں صرف ہزارہ قبیلہ کو نشانہ نہیں بنایا گیابلکہ اس میں دوسرے قبائل بھی نشانہ بنے ۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا مقابلہ ہم سب نے مل کر کرنا ہو گا۔کوئٹہ دھرنے کے شرکا کو ہر وقت یقین دہانی کرانے کو تیار ہیں۔ سردار یار محمد رند نے کہا کہ، بلوچستان میں نظام حکومت کی بہتری میں اپنا کردار ادا کریں گے۔