اسلام آباد۔3جون (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے یوتھ کونسل میں شامل تمام نوجوانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب نوجوانوں کی آواز اقتدار کے ایوانوں میں سنی جائے گی۔نوجوانوں کو ملکی فیصلہ سازی میں شامل کرنے کا وعدہ پورا کر دیا ہے، جمعرات کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے خصوصی دلچسپی پر ان کا شکر گزار ہوں،
یوتھ کونسل میں شامل تمام نوجوانوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،کونسل کا ایجنڈا ملکی سطح پر نوجوانوں کی ترقی ہو گا،انہوں نے کہا کہ اب پاور کوریڈورز میں نوجوانوں کی آواز سنی جائیگی،ملک بھر میں کامیاب جوان پروگرام کی تقریبات میں بھی یہ نوجوان شریک ہوں گے، عثمان ڈارنے کہا کہ کونسل وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کرے گی،کونسل کے پہلے بیچ نے زبردست کام کیا ہے، بطور ایلومنائی انہیں ساتھ رکھیں گے۔علاوہ ازیں ملکی نوجوانوں کو قومی سطح پر فیصلہ سازی میں شامل کرنے کا معاملہ کے تناظر میں وزیراعظم عمران خان نے یوتھ کونسل کے دوسرے بیچ کی منظوری دے دی۔
کابینہ ڈویژن نے یوتھ کونسل کے اراکین کا با ضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعظم عمران خان کونسل کے پیٹرن ان چیف اور عثمان ڈار چئیرمین مقرر کیا گیا ہے۔کونسل 33 نوجوانوں پر مشتمل ہو گی کابینہ ڈویژن کی جانب سے نوٹی فکیشن جاری کے مطابق نیشنل یوتھ کونسل میں کھیل، تعلیم، مذہب، معیشت اور آرٹس اینڈ کلچرل سے وابستہ نوجوان شامل ہیں۔چاروں صوبوں، آزاد کشمیر گلگت بلتستان کے امور نوجوانان کے وزیر، وزیراعظم یوتھ پروگرام کے ڈپٹی سیکرٹری کونسل کے ارکان میں شامل ہیں۔