وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

147

اسلام آباد ۔ 23 نومبر (اے پی پی)وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے منی لانڈرنگ کی اور نہ ہی کرپشن میں ملوث رہی اس لئے وہ فارن فنڈنگ کیس سے پریشان نہیں، کیس کا فیصلہ آنے کے بعد سب کلیئر ہو جائے گا اور اپوزیشن والوں کو پھر منہ کی کھانا پڑے گی۔ ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر نواز شریف کو بیرون ملک علاج کیلئے جانے کی اجازت دی، ن لیگی رہنما اپنے قائد کی صحت پر سیاست کرتے رہے، ان کی بیرون ملک سفر کی ویڈیوز دیکھ کر عوام کی ان کی صحت سے متعلق رائے بدل گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا پلان اے بی اور سی بری طرح پٹ گیا، اور اب سارے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کے سلسلے میں الیکشن کمیشن کے سامنے بیٹھ گئے ہیں، پی ٹی آئی اب تک 40 ہزار کے قریب آڈیٹڈ اکائونٹس کی رسیدیں جمع کرا چکی ہے اور ہم کسی گھبراہٹ کا شکار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ اور پی پی پی کے قائدین کے خلاف کیسز پی ٹی آئی حکومت نے نہیں بنائے بلکہ ان دونوں جماعتوں نے ایک دوسرے کے خلاف کیسز بنائے، دونوں جماعتوں نے دونوں ہاتھوں سے قومی خزانے کو لوٹا ہے اور پی ٹی آئی حکومت لوٹی ہوئی دولت واپس لانے کیلئے پر عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نواز شریف کی جلد صحت یابی کیلئے دعاگو ہیں، امید ہے کہ وہ علاج کے بعد واپس آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کا مسئلہ یہ ہے کہ جب عدالت سے ان کے حق میں فیصلہ آتا ہے تو وہ اسے تسلیم کرتے ہیں لیکن جب عدالت سے ان کے خلاف فیصلہ آتا ہے تو وہ عدلیہ اور معزز ججز پر الزام تراشی اور بہتان تراشی شروع کر دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک قومی منصوبہ ہے، پی ٹی آئی حکومت اس پر کام کر رہی ہے۔