اسلام آباد ۔ 10 جون (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ اس وقت جب ہمارے پاس بنےادی معلومات موجود ہیں، آئیں ہم سب مل کر اپنے بچوں کو وہ مستقبل دیں جس کے وہ حق دار ہیں۔ وفاقی حکومت ملک کے غذائی ایجنڈے کو ترجیح دیتی ہے اور وہ صوبوں کے ساتھ مل کر معلومات کی روشنی میں غذائی شعبے میں موثر اقدامات اٹھائے گی۔ یہ بات انہوں نے قومی غذائی سروے 2018 کی اعلیٰ سطحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان قومی غذائی سروے کے نتائج میں دلچسپی لے رہے ہیں کیونکہ موجودہ حکومت پاکستان میں خاص طور پر عورتوں اور بچوں میں ناقص غذا جیسے بڑے مسائل کے حل کا عزم کر چکی ہے، اگرچہ یہ ایک مشکل کام ہے مگر ہم یقین دلاتے ہیں کہ ہم اپنے بچوں کو غذائی قلت جیسے مسائل سے باہر نکال لائیں گے۔ انہوں نے اس موقع پر موجودہ حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان میں خاص طور پر بچوں اور خواتین کے ناقص اور غیر مناسب غذا جیسے بڑے مسئلے کو ہر صورت میں حل کیا جائے گا۔