وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا راولپنڈی و اسلام آباد میں ڈینگی وائرس پھیلنے کے پیش نظر سرکاری اور نجی ہسپتالوں کو صحت سہولت پروگرام کے پینل میں شامل کرنے کا اعلان

175

اسلام آباد ۔ 21 ستمبر (اے پی پی)وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے راولپنڈی اور اسلام آباد میں ڈینگی وائرس پھیلنے کے پیش نظر سرکاری اور نجی شعبے کے ہسپتالوں کو صحت سہولت پروگرام کے پینل میں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے، اس اعلان سے قبل جڑواں شہروں کے ہسپتالوں کے سربراہان کو اعتماد میں لیا گیا تاکہ اس اقدام کے ذریعے ڈینگی وائرس کی روک تھام میں مدد مل سکے۔اس ضمن میں ملاقاتوں کے دوران ڈاکٹر ظفر مرزا نے شرکاءکو ملک بھر میں ڈینگی وائرس کے پھیلاﺅ کی موجودہ صورتحال بارے آگاہ، انھوں نے کہا کہ سرکاری شعبے کے ہسپتال پہلے سے بوجھ میں مبتلا تھے، ڈینگی وائرس کے پھیلنے سے ان پر مزید بوجھ بڑھ گیا ہے،معاون خصوصی نے اس ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور عام آدمی کو ریلیف دینے کے لیے نجی شعبے کے ہسپتالوں کے حکومت کے ساتھ تعاون اور روابط کی ضرورت پر زور دیا۔ اجلاس کے شرکاءنے ملک میں بنیادی صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اٹھائے گئے موجودہ حکومت کے اقدامات بالخصوص نیشنل ہیلتھ سروسز کی خدمات کو سراہا۔ نجی ہسپتالوں کے نمائندوں نے معاون خصوصی کو اس موجودہ بحرانی صورتحال میں اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ وہ اور ان کے ہسپتال سرکاری شعبے کے ہسپتالوں کے گنجائش سے زیادہ ان ڈور مریضوں کے لئے گنجائش فراہم کرنے میں بھر پور تعاون کریں گے،انہوں نے فراخدلی کے ساتھ اس مقصد کے لئے اپنے اداروں میں درکار بستروں کی تعداد بڑھانے کی پیشکش بھی کی، اس کے علاوہ انھوں نے ایسے غریب خاندانوں جو اپنے پیاروں کا علاج معالجہ کرانے کی صلاحیت نہیں رکھتے ، کے لیے صحت سہولت پروگرام کے غریب نواز اقدام کی بھی تعریف کی۔