اسلام آباد ۔ 30 اکتوبر (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ حکومت نے ملک میں ڈینگی بخار کے طویل مدتی حل کے لئے آئندہ سال سے ‘نیشنل ڈینگی کنٹرول پروگرام’ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اپنے ایک انٹرویو میں معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں ڈینگی کے متعدد کیسوں میں کمی واقع ہوئی ہے جس سے ڈینگی کے کیسوں پر قابو پانے اور روک تھام کے لئے موثر حکمت عملی اپنائی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیلنجوں کے باوجود حکومت ڈینگی وائرس کے خاتمے کے لئے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری اسپتالوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ڈینگی کے مشتبہ مریضوں کو مفت علاج معالجہ اور لیبارٹری کی سہولیات فراہم کریں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اس بیماری کے خاتمے کے لئے آزادکشمیر سمیت ملک بھر میں بھی مزید اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ظفر مرزا نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آنے والے سال میں ڈینگی سے پاک ملک کے لئے پرعزم ہے۔انہوں نے بتایا کہ جن علاقوں سے ڈینگی کے کیس رپورٹ ہوئے ہیں ان میں باقاعدگی سے سپرے کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزارت اسکولوں اور کالجوں میں بڑے پیمانے پر آگاہی کے لیے پروگراموں کا اہتمام بھی کررہی ہے اور ڈینگی بخار سے بچاؤ کے اقدامات کرنے والے پرچے تقسیم کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیئے سب کو مل کر کوشش کرنی چاہیے۔