اسلام آباد۔18نومبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار تسنیم احمد قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کے پاس نایاب رنگوں کے پتھروں کے بڑے ذخائر موجود ہیں جو ملک کے ماربل اور گرینائٹ کو معیشت کے سب سے امید افزا شعبوں میں سے ایک بناتے ہیں۔پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی (پاسڈیک) کی کارکردگی اور اقدامات کے بارے میں بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی نے ماربل کی برآمدات کو فروغ دینے کی اہمیت پر روشنی ڈالی جسے پورا کرنے کے لئے موجودہ صلاحیت کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔
پی اےایس ڈی سی کے ہیڈ آفس میں معاون خصوصی تسنیم قریشی کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) بابر معراج شامی نے کمپنی کی تشکیل اور ترقی کے ماڈل پر ایک تفصیلی پریزنٹیشن پیش کی۔سی ای او نے انہیں ماربل اور گرینائٹ سیکٹر، اس کے امکانات، بڑے کلسٹرز اور سیکٹر کے مسائل کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔پریزنٹیشن میں ماربل اور گرینائٹ کے ٹاپ 3 ممالک کی برآمدات کے ساتھ ساتھ گزشتہ 5 سالوں میں پاکستان کی برآمدات پر بھی روشنی ڈالی گئی۔
سی ای او، پاسڈیک نے تسنیم قریشی کو کمپنی کی کامیابیوں اور مستقبل کی حکمت عملی سے آگاہ کیا تاکہ ماربل اور گرینائٹ سیکٹر کی ترقی میں پاسڈیک کے زیادہ سے زیادہ کردار کو یقینی بنایا جا سکے۔سی ای او نے ایس اے پی ایم کو بتایا کہ کمپنی کی زیادہ تر مشینری اور آلات 2008-9 میں خریدے گئے تھے اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مشینری پرانی ہوتی جارہی ہے اور اس کے نتیجے میں مرمت اور دیکھ بھال کے بھاری اخراجات ہوتے ہیں، اس لیے پی ایس ڈی پی کے فنڈز جلد از جلد جاری کیے جائیں۔
معاون خصوصی نے کمپنی کی کوششوں کو سراہا اور ملک کے مختلف چیمبرز کے ساتھ مل کر آگاہی سیمینار کے ذریعے چھوٹے کاروبار کی ترقی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ این ایس پی اے آئی ٹی منصوبے کے تحت پی ایس ڈی پی فنڈز کے اجراء کے لئے کوششیں کی جائیں گی۔آخر میں سی ای او کی طرف سے وزیراعظم کے ۔عاون خصوصی کو ایک سووینئر پیش کیا گیا اور ملک کے ماربل اور گرینائٹ سیکٹر کی ترقی میں قیمتی وقت اور ان کے تعاون کے لیے ان کا شکریہ ادا کیاگیا۔