اسلام آباد ۔ 15 ستمبر (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے پر عزم ہے، حکومت کی صحت کے حوالے سے پالیسی پر عملدرآمد ہم سب کا حق ہے، عوام کی بہتری کیلئے صحت کے نجی شعبے کی حوصلہ افزائی ضروری ہے، اسلام آباد میں ماڈل ہیلتھ کیئر سسٹم متعارف کروائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو پاکستان اکیڈمی آف فیملی فزیشنز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ صحت کے شعبے کی بہتری کیلئے اصلاحات کا عمل جاری ہے، حکومت عوام کو صحت کی بہتر سہولتوں کی فراہمی کیلیے پر عزم ہے۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ پرائمری ہیلتھ کیئر کے نظام میں بہتری سے ہی شعبہ بہتر کیا جاسکتا ہے، عوام کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے صحت کے نجی شعبے کی حوصلہ افزائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسل ہیلتھ سروس کا مقصد صحت کی سہولیات تک تمام لوگوں کی رسائی کو ممکن بنانا ہے، 50فیصد سے زیادہ آبادی غربت کی لکیر کے نیچے زندگی گزار رہی ہے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ حکومت نے لوگوں کے مسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے صحت انصاف کارڈ متعارف کروایا ہے، صحت کارڈ کا اجراء 43 اضلاع میں کیا جا چکا ہے، صحت کارڈ کے ذریعے 7 لاکھ 20 ہزار روپے کی مالی مدد فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی پالیسی کوئی مفروضہ نہیں بلکہ تمام اقدامات کو عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے اور ہم نے مستقبل کا ہیلتھ کیئر سسٹم ٹھیک کرنا ہے، اسلام آباد میں ماڈل ہیلتھ کیئر سسٹم متعارف کروائیں گے جس میںشہری اور دیہی علاقوں میں تمام سہولیات دستیاب ہونگی۔