وزیر اعظم کے50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے منصوبے کا سیاسی مسخروں نے مذاق اڑایا، صوبائی وزیر ہاﺅسنگ میاں محمود الرشید

90

لاہور۔4 مئی(اے پی پی) صوبائی وزیر ہاﺅسنگ پنجاب میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے جب 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کا وعدہ کیا تو سیاسی مسخروں نے اس نعرے کا مذاق اڑایا لیکن وزیر اعظم نے جرات اور استقامت کے ساتھ پنجاب میں اس منصوبے کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ گزشتہ 25 سے 30 سال برسر اقتدار رہنے والوں نے ہاﺅسنگ کے منصوبوںکو سیاسی نعرے کے طور پر استعمال کیا‘ شریف برادران نے پنجاب میں طویل عرصے تک حکومت کی، جبکہ پنجاب میں حکومت کے تین ادوار میں انہوں نے غریب عوام کیلئے عملی طور پر کچھ نہیں کیا۔ وہ ہفتہ کے روز رینالہ خورد، اوکاڑہ میں نیا پاکستان ہاﺅسنگ سکیم کے تحت 800 کینال اراضی پر ایک ہزار گھروں کی تعمیر کے منصوبہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس کا افتتاح وزیر اعظم عمران خان نے کیا ‘ اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار‘ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور‘ وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان‘ صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات سید صمصام بخاری‘ صوبائی وزیر پراسیکیوشن چوہدری ظہیر الدین سمیت دیگر اراکین اسمبلی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صوبائی وزیر میاں محمود الرشید نے کہا کہ شہباز شریف اپنی وزارت اعلیٰ کے دوران آشیانہ ہاﺅسنگ سکیم کے ڈھول بجاتے رہے اور آج اسی میں گرفتار بھی ہیں‘ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے نیا پاکستان ہاﺅسنگ سکیم کو سیاسی نعرے کے طور پر استعمال نہیں کیا اور منصوبے کے حوالے سے 14 سے 15 اجلاسوں کی براہ راست خود صدارت کی‘ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے گندی سیاست کو صاف کرنے کا عزم کیا ہے اور ایک شاندار جدوجہد کے ساتھ وقت کے فرعونوں کو چت کیا ہے‘ انہوں نے کہا کہ رینالہ خورد میں نیا پاکستان ہاﺅسنگ منصوبے کے تحت پہلے مرحلے میں گھروں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ مساجد‘ ہسپتال‘ سکول اور دیگر سہولیات بھی فراہم کی جائینگی‘ انہوں نے کہا کہ عید کے بعد ملک کے 10 بڑے شہروں میں 5 لاکھ گھروں کی تعمیر کا منصوبہ شروع کر رہے ہیں جن میں لاہور‘ جہلم‘ ڈی جی خان‘ چشتیاں اور لودھراں بھی شامل ہیں‘ میاں محمود الرشید نے کہا کہ اس ہاﺅسنگ منصوبے میں نجی شعبہ کو ساتھ لیکر چلیں گے کیونکہ نجی شعبے کے بغیر اتنے بڑے منصوبے کے اہداف حاصل کرنا مشکل ہیں‘ انہوں نے کہا کہ ہر سکیم میں پاک فوج اور پولیس کے شہداءکے لواحقین کو 20,20 گھر فراہم کئے جائیں گے جبکہ پنجاب کے ہر دیہات میں 25 سے 50 گھر پائلٹ پراجیکٹ کے تحت تعمیر کئے جائیں گے جو مستحق اور بے گھر افراد کو دیئے جائیں گے۔ اس موقع پر چیئرمین فیڈرل ٹاسک فورس برائے ہاﺅسنگ ضیغم محمود رضوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کی ٹیم جنون والوں کی ٹیم ہے‘ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں 30 ماڈل ہاﺅسنگ ویلیج تعمیر کر رہے ہیں جس میں غیر ملکی سرمایہ کار بھی دلچسپی لے رہے ہیں‘ انہوں نے کہا کہ بے گھر لوگوں کیلئے اس منصوبہ کا آغاز ایک مشکل کام تھا جسے وزیر اعظم عمران خان نے شروع کر دیا ہے ۔