اسلام آباد ۔ 11 اکتوبر (اے پی پی) وزیر اعظم یوتھ افیئرز پروگرام کے تحت کامیاب جوان پروگرام کی افتتاحی تقریب 17اکتوبر کو ہوگی۔ پروگرام کے تحت پہلے مر حلے میں نوجوانوں کو ایک لاکھ سے پانچ لاکھ روپے تک آسان شرائط پر قرضے دیئے جائیں گے، پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو برسر روزگار بناکر اپنے پائوں پر کھڑا کرنا اور معاشی ترقی میں ان کی شمولیت کو یقینی بناناہے۔ وزیر اعظم یوتھ افیئرز پروگرام کے ذرائع کے مطابق کامیاب جوان پروگرام کی افتتاحی تقریب میں اہم شخصیات شرکت کریں گی۔ ذرائع کے مطابق چھ فلیگ شپ پروگرام کے تحت سب سے پہلے یوتھ انٹرپرینیورشپ اسکیم ہوگی، اسکیم کے تحت ملک میں ایس ایم ای سیکٹر کے فروغ کے لئے ممکنہ نوجوان تاجروں کو سبسڈی والے کاروباری قرضے فراہم کیے جائیں گے۔ ان قرضوں کی مالیت ایک لاکھ سے پانچ لاکھ روپے تک ہوگی۔ اس پروگرام کے تحت نوجوانوں میں100ارب روپے تقسیم کئے جائیں گے۔ ذرائع نے بتایاکہ دوسرا پروگرام ”سب کیلئے ہنر مند پروگرام ” ہوگا، جس کے تحت یڑھ لاکھ نوجوانوں کو تکنیکی اور پیشہ ورانہ تربیت دی جائے گی۔کامیاب جوان پروگرام کے تحت تیسرا اقدام اسٹارٹپ پاکستان پروگرام ہوگا اور اس پروگرام کے تحت ممکنہ نوجوان تاجروں کو ڈیجیٹل انکیوبیشن پلیٹ فارم تک رسائی کے ذریعہ اپنے کاروباری منصوبوں کو فروغ دینے کے لئے تربیت دی جائے گی۔انہوں نے بتایاکہ چوتھا گرین یوتھ موومنٹ (جی وائی ایم) ہوگا جس کے تحت پاکستانی نوجوانوں کو ماحولیاتی اور آب و ہوا کے بحرانوں سے نمٹنے کے لئے معاشی جدید حل لانے کے لئے چھوٹے قرضے دیئے جائیں گے۔ذرائع نے بتایا کہ پانچواں انٹرنشپ پروگرام ہوگا جس کے تحت انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ طلباء دونوں کے لئے ایک موثر انٹرن شپ پروگرام کو نجی شعبے میں فعال شرکت کے ساتھ سہولت فراہم کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق چھٹا ”جوان مرکز”ہوگا جو نچلی سطح پر نوجوانوں سے متعلق مسائل کا ایک اسٹاپ حل ہے